بادشاہی مسجد میں پاکستان کے پہلے مسجدمیڈیکل کیمپ کا افتتاح

12

اسلام آباد،22 جنوری (اے پی پی ):بادشاہی مسجد میں پاکستان کے پہلے میڈیکل کیمپ کا افتتاح  کر دیا گیا ہے۔نگران وزیر مذہبی امور انیق احمد نے نگران وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان ، پنجاب کے صوبائی وزیر برائے بنیادی صحت ڈاکٹر جمال ناصر، نگران صوبائی برائے اوقاف سید اظفر علی ،مولانا عبدالخبیر آزاد اور   سیکرٹری اوقاف پنجاب طاہر رضا بخاری کے ہمراہ بادشاہ مسجدلاہور میں پاکستان کے پہلے مسجد میڈیکل کیمپ کاافتتاح کیا۔

افتتاحی تقریب سے خطاب میں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور انیق احمد نے  کہا کہ مسجد کلینک کے اجراء سے اسے کمیونٹی سینٹر بنانے کا آغاز کر دیا ہے، مسجد کے ذریعے دور دراز علاقوں تک بنیادی صحت کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔انہوں  نے  کہا کہ اس پہلے میڈیکل کیمپ کے قیام سے اپنے حصے کی شمع روشن کر دی ہے۔ دور نبوی ﷺ میں تعلیم، صحت، عائلی مسائل، سیاست سمیت متعدد امور مسجد میں ہی طے پاتے تھے۔

انیق احمد کا کہنا تھا  کہ پاکستان بھر کی ڈھائی لاکھ مساجد میں صحت و تعلیم کی سہولیات مہیا کی جا سکتی ہیں۔ 27 رمضان کو وجود میں آنے والی مملکت کی تعمیر ترقی میں کردار ادا کریں گے۔

اس موقع پر بات کرتے ہوئے نگران وفاقی  وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے کہا کی صحت مند معاشرے کے حصول کیلئے تمام شعبوں کو ملکر کام کرنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ  مسجد کلینک کو مستقل بنیادوں پر جاری کیا جا رہا ہے۔

صوبائی وزیر بنیادی صحت ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ وزیر مذہبی امور انیق احمد کی ایوان صدر میں دی گئی تجویز آج عملی طور پر سامنے ہے۔ پنجاب حکومت مسجد کلینک کے قیام کیلئے مرکز کے ساتھ شانہ بشانہ کام کرے گی۔

 صوبائی وزیر اوقاف سید اظفر علی نے کہا کہ اسلام میں مسجد اجتماعی اتحاد و اتفاق کی علامت ہے۔ کرونا وبا کے دوران منبر و محراب نے موثر کردار ادا کیا تھا۔ سیکرٹری اوقاف پنجاب  طاہر رضا بخاری نے کہا کہ معاشرے عمل سے چلتے ہیں، انیق احمد نے مسجد کلینک کا ویژن سچ کر دکھایا ہے ۔ چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے وزیر مذہبی امور کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ انہوں نے عہدہ سنبھالنے کے بعد انقلابی کام کیے۔