بلوچستان میں پرامن صاف شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے لئے تیاریاں جاری ہیں ؛نگراں وزیر اعلٰی

12

 

کوئٹہ، 08 جنوری(اے پی پی)نگراں وزیر اعلٰی بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی کی زیر صدارت صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال اور بلوچستان میں پرامن انتخابات کے انعقاد لئے اقدامات کا جائزہ لینے کے لئے اعلٰی سطحی اجلاس  منعقد ہوا جس میں نگراں صوبائی وزراء،  مشیران،  چیف سیکرٹری بلوچستان، آئی جی پولیس سمیت اعلٰی حکام اور تمام کمشنرز  نے ویڈیو لنک کے زریعے شرکت کی اور اٹھائے گئے اقدامات، مجوزہ حکمت عملی درپیش مشکلات اور ان کے حل کی تجاویز سے آگاہ کیا ۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نگراں وزیر اعلٰی میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا کہ بلوچستان میں پرامن صاف شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے لئے تیاریاں جاری ہیں حساس اور انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر بحالی امن کے لئے خصوصی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں نگراں صوبائی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہوں گے حساس علاقوں میں پولیس اور لیویز کی مدد کیلئے پاک فوج اور فرنٹیر کور کی خدمات حاصل کی جائیں گی اس کے ساتھ ساتھ الیکشن کمیشن اور صوبائی حکومت مجموعی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے کنٹرول روم قائم کریں گے۔

نگراں وزیر اعلٰی بلوچستان نے کہا کہ صاف شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے انعقاد کے لئے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے مکمل تعاون کریں گے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت تمام اضلاع میں ڈپٹی کمشنرز اور الیکشن کمیشن مشترکہ مانیٹرنگ روم بھی قائم کریں گے۔

  نگراں وزیر اعلٰی میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا کہ صوبے میں پر امن اور صاف شفاف انتخابات کے انعقاد کے پیش رفت کا مستقل جائزہ لیا جائے گا تمام کمشنرز انتخابات کے انعقاد لئے اقدامات کو بہتر سے بہتر اور قابل بھروسہ بناتے ہوئے پیش رفت رپورٹ متواتر  وزیر اعلٰی سیکرٹریٹ کو بھیجوائیں تاکہ درپیش مسائل کو حل کرکے انتخابات کے لئے ایسی سازگار فضا قائم کی جائے جس میں عوام اطمینان اور تحفظ کے ساتھ اپنا حق رائے دہی استعمال کرسکیں نگراں وزیر اعلٰی میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا کہ وہ تمام ڈویژنز کا ذاتی طور پر دورہ کرکے انتخابی اقدامات اور امن و امان سمیت مجموعی صورتحال کا جائزہ لیں گے۔

 اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ زاہد سلیم نے  بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ انتخابات کے حوالے سے بلوچستان کے 18 اضلاع کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے عام انتخابات 2024 کے لئے بلوچستان میں 5067 پولنگ اسٹیشن قائم ہوں گے جس میں 2055 پولنگ اسٹیشن انتہائی حساس، 2180 حساس جبکہ 832 نارمل قرار دئیے گئے ہیں انتخابات کے لئے سیکورٹی اہلکاروں کی تعیناتی کا ابتدائی میزانیہ مرتب کرکے بندوبست کے لئے متعلقہ اتھارٹیز سے رابطہ جاری ہے۔

 اجلاس کو آگاہ کرتے ہوئے آئی جی پولیس عبدالخالق شیخ نے بتایا کہ بلوچستان میں امیدواروں، انتخابی مہم اور انتخابی عملے کی سیکورٹی کے لئے حکمت عملی تیار کرلی گئی ہے۔