اسلام آباد،16 جنوری(اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ حکومت نے آئی ٹی کے شعبے کو فروغ دینے کے لئے 2 ارب روپے کا پہلا پاکستان اسٹارٹ اپ فنڈ باضابطہ طور پر شروع کیا ہے، جس سے امید ہے کہ کم از کم 50 ارب روپے سالانہ حاصل ہوں گے۔
دو روزہ کانفرنس برائے سِوک ہیکاتھون ”مسائل کی شناخت“ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان آٹھ نیشنل انکیوبیشن سینٹرز کے نیٹ ورک کا حامل ہے جو اسٹارٹ اپس کو سپورٹ کرتا ہے جس میں اس وقت ملک میں 4 ہزار سے زائد اسٹارٹ اپس فعال ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی سٹارٹ اپس نے 2023 میں 70 ملین ڈالرز سے زیادہ کا اضافہ کیا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ جرمنی وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر کام کرنے والے 12 الگ الگ منصوبوں کے ذریعے حکومت پاکستان کی مدد کر رہا ہے، جن میں مقامی حکومتیں، موسمیاتی تبدیلی، توانائی کی منتقلی، سماجی تحفظ، پائیدار اقتصادی ترقی اور پیشہ ورانہ تعلیم و تربیت کے شعبے شامل ہیں۔