خواتین پر تشددکے خلاف ایکٹ 2016 پر سوفیصد عملدرآمد کروانا ہوگا؛ ڈاکٹر جاویداکرم

0

لاہور، 25 جنوری(اے پی پی): نگران صوبائی وزیر محکمہ صحت و سوشل ویلفیئراینڈ بیت المال کی زیر صدارت محکمہ ہوم میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔ نگران صوبائی وزیر محکمہ صحت و سوشل ویلفیئراینڈ بیت المال پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے اجلاس کے دوران 08 ستمبر 2023 کو ہونے والے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا۔سیکرٹری محکمہ ویمن ڈویلپمنٹ سمیراصمد نے اجلاس کے دوران نگران صوبائی وزیر پروفیسر ڈاکٹر جاویداکرم کو اس حوالہ سے بریفنگ دی۔

نگران صوبائی وزیرمحکمہ صحت وسوشل ویلفئیراینڈبیت المال پروفیسر ڈاکٹر جاویداکرم نے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ خواتین پر تشدد کی شرح میں واضح کمی لانا چاہتے ہیں۔ خواتین پر تشدد کی بنیادی وجہ صرف اور صرف جہالت ہی ہوسکتی ہے۔ دین اسلام نے خواتین کے حقوق واضح طور پربیان کئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ  اس حوالہ سے ایک سٹڈی بھی کروائی جائے گی۔ حال ہی میں حکومت پنجاب نے بہیمانہ تشددکانشانہ بننے والی ایمن اور رضوانہ کی کفالت کی ذمہ داری اٹھائی ہے۔

پروفیسرڈاکٹرجاویداکرم نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں کئی ایمن ہیں جو ابھی بھی تشددکانشانہ بن رہی ہیں۔ خواتین پر تشددکے خلاف ایکٹ 2016 پر سوفیصد عملدرآمد کروانا ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ نشترہسپتال ملتان میں ”خواتین کے خلاف تشدد سنٹر VAWC“ کی توسیع کی جارہی ہے۔ ڈاکٹر جاویداکرم نے کہا کہ دارالامان کو مکمل فعال بنایاجائے گا۔

اجلاس میں سیکرٹری محکمہ ویمن ڈویلپمنٹ سمیرا صمد، سپیشل سیکرٹری محکمہ ہوم فضل الرحمن، ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر حافظ شاہد لطیف،  پی آئی ٹی بی سے عادل حفیظ، ڈائریکٹر محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال محمد سلیمان، محکمہ قانون سے محمد نادر، ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ ویمن ڈویلپمنٹ رضوانہ عروج بھٹی و دیگر افسران نے شرکت کی۔

اے پی پی / ریحانہ