خواتین یونیورسٹی ملتان کی دسویں سالگرہ، رنگا رنگ تقریبات منعقد

29

 

ملتان،10 جنوری(اے پی پی):جنوبی پنجاب کی پہلی خواتین یونیورسٹی ملتان  کو قائم ہوئے دس سال مکمل ہوگئے ہیں، خواتین یونیورسٹی ملتان کی دسویں سالگرہ  کی خوشی میں دو روزہ رنگا رنگ تقریبات کا آغاز ہو گیا ہے، جس کو  کھیلوں کے پر جوش مقابلوں اور رنگا رنگ ثقافتی پروگراموں  نے چار چاند لگا دیئے۔تقریب میں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا۔

سپورٹس گالا میں شریک 8 ٹیموں کی طالبات کھلاڑیوں نے مارچ پاسٹ میں حصہ لیا۔ رسہ کشی اور میوزیکل چیئرز کے دلچسپ مقابلے بھی کروائے گئے۔ ان مقابلوں  خواتین یونیورسٹی کی مرد و خواتین سٹاف  ٹیموں نے بھی شرکت کی۔

مینا بازار میں بھینی بھینی خوشبو والے کھانوں نے بھی سالگرہ تقریبات کو ذائقہ دار بنادیا۔خواتین یونیورسٹی کی دسویں سالگرہ تقریبات کے موقع پر یونیورسٹی  اور کالج سے فارغ التحصیل طالبات کو بھی خصوصی طور پر مدعو کیا گیا تھا۔

 ایلومینائی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خواتین یونیورسٹی ملتان کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے خواتین یونیورسٹی کی خدمات کا ذکر کیا۔ انہوں نے  یونیورسٹی کادرجہ حاصل کرنے سے پہلے خواتین کالج کی درخشندہ تاریخ  پر بھی روشنی ڈالی ۔