لاہور؛وزیراعلیٰ محسن نقوی کا قربان لائنز میں پولیس کیلئے زیر تعمیر اپارٹمنٹس کا معائنہ

5

لاہور، 10 جنوری( اے پی پی): نگران وزیر اعلی محسن نقو ی کے دوروں اور مانیٹرنگ کے باعث کئی برس سے زیر التواء ایک اورمنصوبہ تکمیل کے قریب،قربان لائنز میں پولیس کے لئے اپارٹمنٹس کی تعمیر کا کام تیزہو گیا۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پولیس کیلئے زیر تعمیر اپارٹمنٹس کا معائنہ کیااور جاری کاموں کا جائزہ لیا۔

وزیراعلیٰ نے تعمیراتی سرگرمیوں کا مشاہدہ کیا،مزدوروں سے ملاقات کی،مصافحہ کیا اوررات گئے کام کرنے پر شاباش دی۔وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے 31جنوری سے قبل اپارٹمنٹس کے3فلور مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دی۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی نے تینوں فلور پر جاری بجلی و لکڑی کے کام کا مشاہدہ کیا اورٹائلز کی تنصیب کے کام کو معیار کے ساتھ مکمل کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعلی نے کہا کہ تعمیراتی کاموں کو اعلی معیار کے ساتھ جلد از جلد مکمل کیا جائے۔انہوں نے اپارٹمنٹس کے سامنے خالی اراضی پر لان اور پودے لگانے کی ہدایت کی ہے۔

سیکرٹری تعمیرات و مواصلات نے اپارٹمنٹس کی تکمیل کے بارے میں بریفنگ دی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ قربان لائنز میں پولیس کیلئے 6منزلہ عمارت میں 24اپارٹمنٹس بنائے جارہے ہیں۔اپارٹمنٹس میں دو لفٹ بھی لگائی جائیں گی۔

انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور،ڈی آئی جی ٹیلی کمیونیکیشن،ایڈیشنل آئی جی ڈویلپمنٹ اورمتعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔