خوش رنگ و خوش ذائقہ چائے  کی پیالی ،ہماری  زندگی کا  لازمی حصہ

57

 

اسلام آباد،29 جنوری (اے پی پی ): صبح سویرے  نیند کو بھگا کر تازہ دم ہونا ہو یا شام کو گھر والوں کے ساتھ بیٹھ کر وقت گزارنا مقصود ہو ،تھکن یا سر درد  کو بھگانا ہو  یا دوستوں کی محفل  میں گپ شپ کا ماحول   ، مہمانوں کی خاطر مدارت ہو یا روٹھے ہوئے دوستوں کو منانا، خوش رنگ و خوش ذائقہ چائے  کی پیالی ہماری  زندگی کا ایک ایسا لازمی حصہ ہے جس کے بنا  ہماری  ہر محفل بے رنگ اور ہر صبح بے رونق  ہے ۔

تاریخی اعتبار سے چائے کی پتیاں سب سے پہلے چین میں دریافت کی گئی تھیں اور آج بھی یہ ملک  چائے کے اہم پیداواری ممالک میں سے ایک ہے، جہاں 32 لاکھ ہیکٹر سے زائد رقبے پر پھیلے چائے کے باغات  سے  30 لاکھ ٹن سے بھی زائد چائے کی پیداوار حاصل کی جاتی  ہے۔

پاکستان چائے کی کھپت کے حوالے سے ترکی، آئرلینڈ اور برطانیہ کے بعد چوتھے نمبر پر ہے جہاں  ہر شخص سالانہ  ڈیڑھ کلو گرام  کے قریب چائے استعمال کر لیتا ہے لیکن پاکستان اپنی ضرورت کی چائے دوسرے ممالک سے درآمد کرتا ہے۔ ایک تحقیق کے مطابق 2021 میں پاکستان نے پانچ سو چھیانوے ملین ڈالر مالیت کی سبز اور کالی چائے درآمد کی تھی، یوں پاکستان 2021 میں سب سے زیادہ چائے درآمد کرنے والا ملک بن گیا۔

1986 میں‘‘پاکستان زرعی کونسل ’’نے شنکیاری میں 33 ایکڑ رقبے پر چائے کی تجرباتی کاشت شروع  کی، 1986 میں شنکیاری ضلع مانسہرہ میں 50 ایکڑ اراضی پر نیشنل ٹی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ قائم کیا گیا جہاں  چائے کی کاشت کے علاوہ چائے کے پروسیسنگ یونٹس، پانی اور مٹی کی جانچ کے لیے لیبارٹری سمیت چائے کی پراسیسنگ لیبارٹری بھی موجود ہے۔

پاکستان  کے  مختلف علاقوں سے چائے کے اپنے مختلف ذائقے اور مختلف قسمیں ہیں ،  الائچی کی خوشبو والی  چائے ہو یا مصالحہ چائے،  پنجاب کی دودھ پتی ہو، کڑک ٹرک چائے یا پشاوری  سبز قہوہ ، کشمیر کی  خاص کشمیری یا گلابی چائے ہو یا شمالی علاقہ جات کی منفرد ذائقے کی حامل نمکین چائے  ۔

 ہر چائے کا اپنا ذائقہ اپنی انفرادیت ہے جو چائے کے شوقینوں کو اپنی جانب متوجہ کرتی ہے ۔اب تو جدید انداز کی مٹکا چائے ،  تندوری چائے     اور ٹرکش ٹی  جیسے نئے ذائقے   مہیا کرنے والے ریسٹورنٹ بھی   رات گئے تک چائے کے شوقین حضرات سے آباد رہتے ہیں  جہاں  چائے کی پیالی سرد دھند زدہ راتوں میں دوستوں کی محفلوں  کو رونق بخشتی ر  ہے۔

چائے کی  عالمی پسندیدگی کے پیش نظر  اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے 2019 میں ہر سال اکیس مئی کو چائے کے عالمی دن کے موقع پر منانے کا اعلان کیا تھا۔یہ ایک خاص دن ہے جو دنیا بھر میں چائے کی تاریخ اور گہری ثقافتی اور معاشی اہمیت کو تسلیم کرتا ہے۔