دینی تدریسی نظام کو درپیش چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کیلئے تعلیم، تدریس اور تربیت کو صوفیاء کے منہاج پر لے جانا ہوگا؛ بیرسٹر سید اظفر علی ناصر

23

لاہور،25 جنوری (اے پی پی):صوبائی وزیر زکوٰۃ و عشر بیرسٹر سید اظفر علی ناصر نے  کہا ہے کہ دینی تدریسی نظام کو آج قومی اور بین الاقوامی سطح پر چیلنجز درپیش ہیں۔ ان سے نبرد آزما ہونا ہے تو ہمیں آج تعلیم، تدریس اور تربیت کو صوفیاء کے منہاج پر لے جانا ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے  جمعرات کو یہاں  داتا دربار میں منعقدہ تقریب ختم بخاری شریف  سے خطاب میں کیا۔تقریب میں سیکریٹری اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری ، ایڈمنسٹریٹر داتا دربار  بھی شریک ہوئے ۔

صوبائی زکوٰۃ و عشر بیرسٹر سید اظفر علی ناصر نے   کہا کہ مجھے اس روحانی اور پروقار تقریب میں شرکت پر قلبی مسرت ہو رہی ہے۔ بلاشبہ حضرت داتا گنج بخش برصغیر میں قافلہ تصوف و طریقت کے سرخیل اور امام تھے۔ اظفر علی ناصر نے کہا کہ  مدارس دینیہ قرونِ اولیٰ ہی سے خانقاہی نظام کا لازمی جزو رہے ہیں۔ انہی دینی اداروں سے روحانیت اور تصوف کے  آفتاب آسمان علم پر ضوفشاں ہوئے، وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ خانقاہ کا وہ ادارہ جو فیضانِ نظر   اور  مکتب کی کرامت کے خوبصورت اوصاف سے متصف تھا، برقرار نہ رہا۔

اظفر علی ناصر نے کہا کہ فارغ التحصیل علماء کرام کو اس امتیازی سند و دستار فضیلت حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ دعاگوں ہوں کہ آپ ملک وملت کی بہترین خدمت کریں تا کہ پاکستان ایک حقیقی اسلامی و فلاحی ریاست بن سکے۔