سکول نہ جا پانے والے بچوں کی تعلیم اور بیماریوں سے بچائو میں مساجد کا کردار اہم ہے؛ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

48

 

کراچی،29جنوری (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ مساجد ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے مذہبی اخلاقیات کے ساتھ ساتھ سکول نہ جا پانے والے بچوں کو تعلیم کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرسکتی ہیں، مساجد کو مسلم معاشرے میں مرکزی مقام حاصل ہے اور انہیں لوگوں کو بیماریوں سے بچائو اور دیگر اہم سماجی مسائل سے آگاہی کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

 صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار پیر کو تعلیم کے فروغ اور صحت کے مسائل کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے میں مساجد و مدارس کے کردار سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔  اجلاس میں نگران وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی ڈاکٹر انیق احمد اور مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام نے شرکت کی۔

 صدر مملکت نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اس بات پر روشنی ڈالی کہ ناکافی تعلیمی انفراسٹرکچر کی وجہ سے 26 ملین سکول نہ جا پانے والے بچوں کو تعلیم دینا ایک مشکل کام ہے۔  انہوں نے مزید کہا کہ نئے سکولوں کی تعمیر میں بے پناہ وسائل کے ساتھ ساتھ وقت درکار ہوگا۔ اس ضمن میں ملک بھر میں تقریباً ڈھائی لاکھ مساجد ان بچوں کو تعلیم کی طرف واپس لانے کے لیے ایک منفرد اور کم خرچ راستہ ذریعہ بن سکتی ہیں۔

صدر نے کہا کہ حکومت کے ایکسلریٹڈ لرننگ پروگرام کو شامل کرکے مساجد کو تعلیم کے مراکز کے طور پر استعمال کیا جاسکتا ہے، مزید یہ کہ مساجد معاشرے کے مرکز میں ہونی چاہئیں جو چیلنجزکا مقابلہ کرنے کے لیے دنیاوی اور دینی تعلیم فراہم کرتی ہیں۔

 وفاقی وزیر برائے مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی نے اجلاس کو بتایا کہ مساجد میں تعلیمی سرگرمیوں کی نگرانی کرنے والے “پیش امام” کے کردار کو بڑھا کر مساجد کو زیادہ سے زیادہ استعمال کیا جا سکتا ہے۔

 اجلاس کے شرکاء نے صدر مملکت کے وژن کو سراہا اور اس بات پر روشنی ڈالی کہ اس خیال کو حقیقت میں بدلنے کے لیے پیش اماموں کی استعداد کار میں اضافہ ضروری ہے۔