صحافیوں کو حکومت کی طرف سے ہراساں کیا جا نے کی خبریں بے بنیاد ہیں؛ مرتضی سولنگی

14

 

اسلام آباد،28 جنوری (اے پی پی ): نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ صحافیوں کو حکومت کی طرف سے ہراساں کیا جا نے کی خبریں بے بنیاد ہیں ، اعلیٰ عدلیہ کے خلاف تضحیک آمیز اور بہتان تراشی پر مبنی  ایک  مہم چل رہی تھی جس کے لئے جے آئی ٹی قائم کی گئی تاکہ معاملے کی تحقیقات کی جا سکیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو عدلیہ مخالف مہم کی تحقیقات کیلئے تشکیل دی جانے والی جوائنٹ انوسٹی گیشن کمیٹی (جے آئی ٹی) کے کنوینر ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے اسحاق جہانگیر اور دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نےکہا کہ چھ سو کے قریب سوشل میڈیا ا کاؤنٹس  ، بائیس کے قریب سیاست دان اور بتیس کے قریب صحافی ہیں جن کی نشاندہی کی  گئی ہے ، ابھی تک صرف نوٹسز  کی حد تک کارروائی کی گئی ہے، ہراساں نہیں کیا گیا ،نہ ہی کسی کو اٹھایا گیا ہے اور نہ ہی کسی کا پیچھا کیا گیا ہے۔

مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ  سوشل میڈیا پر عدلیہ مخالف مہم کی تحقیقات آئین اور قانون کے مطابق ہیں، جے آئی ٹی قانون کے تحت اپنا کام کر رہی ہے، کسی کو ہراساں کیا جا رہا نہ ہی کسی کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے، قانونی نوٹس دینا متعلقہ اداروں کا اختیار ہے۔