لاہور،10 جنوری(اے پی پی):وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر ترقیاتی منصوبوں پر کام کی مسلسل مانیٹرنگ جاری ہے۔وزیر ہاؤسنگ پنجاب سید اظفر علی ناصر نے کمشنر و ڈی جی ایل ڈی اے محمد علی رندھاوا کے ہمراہ مختلف ترقیاتی منصوبوں کا دور ہ کیا۔صوبائی وزیر سید اظفر علی ناصر اور کمشنر و ڈی جی نے راوی برج توسیعی منصوبے، شاہدرہ چوک اور بند روڈ منصوبے کا دورہ کیا۔
چیف انجینئر ایل ڈی اے اسرار سعید، کنٹریکٹر اور پراجیکٹ ڈائریکٹر نے منصوبوں کی پیش رفت بارے بریفنگ دی۔راوی برج توسیعی منصوبے پر 52 میں سے 17 پائلز مکمل کر لی گئیں ہیں۔دریا کے دونوں اطراف بورنگ اور پائلنگ کا عمل چوبیس گھنٹے جاری ہے۔منصوبے کے 96 میں سے 25 گرڈرزتیار کر لیے گئے ہیں۔
صوبائی وزیر اور کمشنر لاہور و ڈی جی ایل ڈی اے نے راوی برج کے ایکشن پلان کے مطابق یومیہ اہداف کا جائزہ لیااورکام مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔صوبائی وزیر اظفر علی ناصر اور کمشنر لاہورو ڈی جی ایل ڈی اے نے شاہدرہ چوک کے اطراف جاری کاموں کا بھی جائزہ لیا۔چیف انجینئر ایل ڈی اے نے بریفنگ دی۔ شاہدرہ چوک کے اطراف باقی ماندہ کام تکمیل کے قریب ہیں،صوبائی وزیر اظفر علی ناصر نے گرین بیلٹس اور گول چکر پر ہارٹیکلچر کاموں کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔شاہدرہ چوک پر گول چکر کو انتہائی خوبصورت انداز سے بنایا جا رہا ہے۔کمشنر لاہور و ڈی جی ایل ڈی اے نے منصوبے سے منسلک سڑک کے آخری حصے پر اسفالٹ کا کام آج رات مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
بعدازاں وزیر ہاؤسنگ کا کمشنر لاہورو ڈی جی ایل ڈی اے کے ہمراہ کنٹرولڈ ایکسس کوریڈور منصوبے کا دورہ کیا۔منصوبے کے پیکج ون کا 49 فیصد جبکہ پیکج ٹو کا مجموعی طور پر 39 فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے۔پیکج ون کے تمام پینلز تیار،5218 انسٹال،تمام گرڈر لانچ کر دیئے گئے ہیں۔پیکج ون پر اسفالٹ کے کام کا آغاز کر دیا گیاہے،بیک وقت تمام پہلوؤں پر کام جاری ہے۔پیکج ون کے چار سب ویز پر کام مکمل، پیکج ٹو کے سب ویز پر کام جاری ہے۔ پیکج ٹو کے 3119 پینلز انسٹال 6043 پینلز تیار, تمام گرڈرز تیار، لانچنگ کا عمل جاری ہے۔دونوں پیکجز کے وال پینلز کی کاسٹنگ اور انسٹالیشن کا کام دن رات جاری ہے۔
صوبائی وزیرہاؤسنگ نے پیکج ٹو کے سائٹ آفس میں اجلاس کی صدار ت کی۔صوبائی وزیر ہاؤسنگ اظفر علی ناصر نے پیکج ٹو کے کنٹریکٹر کو کام میں مزید تیزی لانے کی ہدایت کی۔وزیر ہاؤسنگ اظفر علی ناصر نے کہا کہ پیکج ٹو ٹارگٹ سے پیچھے ہے، مزید اضافی عملہ و مشینری لگائی جائے۔اس موقع پر ایل ڈی اے، ٹیپا، پی ایچ اے اور متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔