عالمی عدالت کا فیصلہ غزہ کے بے کسوں کیلئے امید کی کرن ثابت ہو گا،بھارت میں اقلیتیں عدم تحفظ کا شکار ہیں، کشمیریوں کی نسل کشی کی جا رہی ہے؛مشعال ملک

25

لاہور،26جنوری  (اے پی پی):وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق مشعال ملک نے کہا ہے کہ عالمی عدالت کا فیصلہ غزہ کے بے کسوں کیلئے امید کی کرن ثابت ہو گا،بھارت میں اقلیتیں عدم تحفظ کا شکار ہیں،گزشتہ75سال سے بھارت کشمیریوں کی نسل کشی کر رہا ہے،آر ایس ایس نے بھارت کو یرغمال بنایا ہوا ہے،آج ہندوستان میں یوم جمہوریہ ہے جبکہ کشمیریوں سمیت ہندوستان کی تمام اقلیتوں کے لیے یوم سیاہ ہے، پانچ سو سال پرانی بابری مسجد کو شہید کر کے وہاں ایودھیا مندر کی تعمیر کرکے مودی مقبول ہوا،پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی میں  سب سے زیادہ  بھارت ملوث ہے،بھارت فلموں کے ذریعے نفرت پھیلانے میں مصروف ہے۔

وہ جمعہ کی رات صبینہ حسین ملک اورصائم علی دادا کے ہمراہ لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہی تھیں۔ مشعال ملک نے کہا کہ عالمی عدالت انصاف نے مظلوم فلسطینیوں کی آواز سن لی، عالمی عدالت اسرائیل کو مظالم بند کرنے کے فیصلے پر عمل بھی کروائے، کاش مظلوم کشمیریوں کی صدا بھی کوئی سنے، کشمیری کئی دہائیوں سے اپنے حقوق کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں ، ہزاروں افراد بھارتی تسلط سے آزادی کا خواب لئے شہادت پا گئے، عالمی عدالت انصاف کا اسرائیل کے خلاف فیصلہ کشمیریوں کے لئے بھی امید کی کرن ہے۔

مشعال ملک نے کہا کہ آج ہندوستان کا یوم جمہوریہ ہے،تمام کشمیری اور دنیا اس کو بلیک ڈے کے طور پر مناتے ہیں،ہندوستان میں بھی اقلیتی بلیک ڈے مناتے ہیں اور آج کا دن کشمیریوں کے لیے ماتم کا دن ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری قوم کے لیے ہر دن یوم سیاہ ہوتا ہے لیکن اس وقت آر ایس ایس نے پورے ہندوستان کو یرغمال بنا رکھا ہے۔آج بھارت میں آر ایس ایس کا دن ہے جس نے بھارت نے لاکھوں کشمیریوں کو شہید کیا اور اس وقت آر ایس ایس نے بھارت کے تمام اداروں کو رسیوں سے باندھ رکھا ہے۔بھارت کی آرمی سمیت سب ادارے آر ایس ایس کے زیرکنٹرول ہیں اوربھارت کشمیریوں کے ساتھ ظلم و جبر کرنے میں مصروف ہے۔آر ایس ایس کی اپنی دہشتگردی کی فورس ہے جن کا پوری دنیا میں نیٹ ورک چل رہا ہے جب یہ گلوبل نیٹ ورک سکھوں کی طرف ہوا  تو پوری دنیا میں احتجاج ہوا اور ان کا چہرہ سامنے آیا۔

وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق مشعال ملک نے کہا کہ کینڈا میںسکھ رہنماؤں کو بھارت نے قتل کروایا،کینیڈین وزیراعظم نے بھی کہا کہ بھارت نے کینیڈا میں سکھ رہنماؤں کو قتل کروایا،بھارت پاکستان میں بھی معصوم لوگوں کو قتل کروانے میں ملوث ہے اور اس وقت  بھارت نے عالمی قوانین کو پس پشت ڈال رکھا ہے۔کشمیر ی خواتین کو بھی بھارت نے جیلوں میں ڈال رکھا ہے ،کشمیری قوم کی نسل کشی بڑھتی جارہی ہے لیکن کوئی نہیں ہے جو بھارت کو روکے۔