اسلام آباد،29 جنوری(اے پی پی):بارہ کروڑ سے زائد ووٹرز قومی اسمبلی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کیلئے آئندہ ماہ کی آٹھ تاریخ کو ووٹ ڈالیں گے۔
عام انتخابات کے لئے سیاسی جماعتیں رائے دہندگان کی حمایت حاصل کرنے کیلئے جلسے کر رہی ہیں۔امیدوار ووٹرز کے ساتھ رابطوں کیلئے کارنر میٹنگز بھی کر رہے ہیں۔
قومی اسمبلی کی نشستوں کیلئے مجموعی طور پر پانچ ہزار ایک سو اکیس امیدوار مدِمقابل ہیں ۔ان میں چار ہزار آٹھ سو سات مرد، تین سو بارہ خواتین اوردو خواجہ سرا شامل ہیں۔
چاروں صوبائی اسمبلیوں کیلئے بارہ ہزار چھ سو پچانوے امیدوار میدان میں ہیں، جس میں بارہ ہزار ایک سو تئیس مرد پانچ سو ستر خواتین اور دو خواجہ سرا شامل ہیں۔
یاد رہے کہ آٹھ فروری کو قومی اسمبلی کی دو سو چھیاسٹھ عام نشستوں اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کی پانچ سو ترانوے نشستوں پر انتخابات ہونگے۔