اسلام آباد،30 جنوری (اے پی پی): الیکشن کمیشن نے آئندہ عام انتخابات سے متعلق قومی میڈیا کے لیے ضابطہ اخلاق جاری کردیا ہے،قومی میڈیا آئندہ عام انتخابات 2024، مقامی حکومتوں (لوکل باڈیز) کے انتخابات اور بعدازاں ضمنی انتخابات کے دوران اس ضابطہ اخلاق پر عمل کرے گا،ضابطہ اخلاق کے مطابق انتخابی مہم کے دوران پرنٹ، الیکٹرانک اور ڈیجیٹل میڈیا پر نشر ہونے والا مواد، پاکستان کے نظریے، خودمختاری، وقار یا سلامتی، امن عامہ یا پاکستان کی عدلیہ کی سالمیت اور آزادی اور دیگر قومی اداروں کے خلاف کسی بھی رائے کی عکاسی نہیں کرے گا۔
ضابطہ اخلاق میں بتایا گیا ہے پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا)، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے)، پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ (پی آئی ڈی)، سائبر ونگ اور وزارت اطلاعات و نشریات کا ڈیجیٹل میڈیا ونگ سیاسی جماعتوں کو دی جانے والی کوریج کی نگرانی کرے گا۔ضابطہ اخلاق کے مطابق حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے میڈیا نمائندوں کو مناسب تحفظ فراہم کریں گے۔
کوئی پرنٹ، الیکٹرانک یا ڈیجیٹل میڈیا امیدواروں اور سیاسی جماعتوں کی مہم نہیں چلائے گا۔پرنٹ، الیکٹرانک اور ڈیجیٹل میڈیا سے تعلق رکھنے والا کوئی بھی میڈیا پرسن انتخابی عمل میں کسی بھی طرح سے رکاوٹ نہیں ڈالے گا اور الیکشن کمیشن کی طرف سے فراہم کردہ اپنا ایکریڈیشن کارڈ دکھائے گا۔
کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں الیکشن کمیشن متعلقہ حکام کو مناسب کارروائی کی ہدایت کر سکتا ہے اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر کسی صحافی/میڈیا آرگنائزیشن کی ایکریڈیشن واپس لینے کا حق محفوظ رکھتا ہے، خلاف ورزی کا تعین کرنے کا اختیار بھی الیکشن کمیشن کے پاس ہے۔