علاقائی ترقی کے فروغ کیلئے پارلیمانی خدمات کا کردار کے عنوان سے پائیکو کی ممبر پارلیمانوں کے مندوبین کی ورکشاپ اختتام پذیر

8

اسلام آباد،25جنوری(اے پی پی):قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے زیر اہتمام “علاقائی ترقی کے فروغ کیلئے پارلیمانی خدمات کا کردار” کے عنوان سے پائیکو کی ممبرز پارلیمانوں کے مندوبین کی دو روزہ ورکشاپ اختتام پذیر ہو گئی۔جمعرات کو  ورکشاپ کے اختتامی سیشن میں پائیکو سیکرٹریٹ قومی اسمبلی آف پاکستان، تاجکستان، ایران، ترکیہ آذربائیجان کی پارلیمانوں کے اعلی افسران نے شرکت کی۔

ورکشاپ کے اختتامی سیشن میں پاکستان کی قومی اسمبلی میں پارلیمانی کاکسز، دوستی گروپس کی دنیا کے پارلیمانوں کے ساتھ رابطوں، ان کے فعال کردار اور افادیت پر بات کرتے ہوئے سپیشل سیکرٹری قومی اسمبلی نے کہا کہ یہ پلیٹ فارمز پائیکو کے ممبرز ممالک کے مابین  اقتصادی اور پارلیمانی تعاون کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کاوشوں کا مقصد خطے میں پائیدار امن اور علاقائی ترقی کو فروغ دینا ہے۔ پائیکو کا پلیٹ فارم ممبر ممالک کے قانون ساز اداروں کے اراکین کو خطے کے مسائل اور چیلنجز پر تبادلہ خیال کر کے ان کا حل تلاش کرنے کا مواقع فراہم کرتا ہے۔

سید شمعون ہاشمی نے مزید بتایا کہ پاکستان کی پارلیمان میں خواتین پارلیمانی کاکس کے قیام کے بعد پارلیمنٹ نے خواتین اور بچوں کے حقوق سے متعلق متفقہ قوانین منظور کیے ہیں۔انہوں نے پارلیمانی سفارتکاری کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے پارلیمانی فرینڈ شپ گروپس اور پارلیمانی کاکسز کے اہم کردار پر روشنی ڈالی۔

 بعد ازاں دو روزہ ورکشاپ میں شرکت اور کارروائی میں حصہ لینے والے شرکاء کو تعریفی اسناد سے نوازا گیا۔ شرکاء کو پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف پارلیمنٹری سروسز (پی آئی پی ایس  ) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر محمد انور نے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف پارلیمانی سروسز(پی آئی پی ایس  ) کی اہمیت، کردار اور کارکردگی کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی ۔ ورکشاپ کے شرکاء نے اس ورکشاپ کے کامیاب انعقاد پر قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے کردار کو سراہا۔