مری، 31 جنوری (اے پی پی ): ملکہء کوہسار مری میں رات گئے سے شروع ہونے والاتیز برف باری کاسلسلہ وقفہ وقفہ سے جاری ہے جبکہ دور دراز نشیبی علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے، برف باری سے سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔
ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کے لئے محکمہ ہائی وے کی مشینری نے اہم شاہراہوں سے برف سے کلیئر کیا جبکہ برف باری کے دوران گاڑیوں کو پھسلن سے بچانے کے لئے سڑکوں پر نمک پاشی بھی کی گئی۔ٹریفک پولیس بھی ٹریفک کو کنٹرول کرنے کے لئے شدید موسم میں تمام میں شاہراہوں پر ڈیوٹی سر انجام دے رہے ہیں۔
ادھر برف باری کا سلسلہ شروع ہونے کے ساتھ ہی برف باری کا نظارہ کرنے کے لئے سیاحوں کی آمد کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا ہے ، وارڈن ٹریفک پولیس نے سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ مری کا رخ کرنے سے پہلے اپنی گاڑیوں کی فٹنس چیک کر کے مری کی جانب روانہ ہوں اور ٹریفک کے قواعد وضوابط پرسختی سے عمل کریں ۔