مری میں طویل خشک سالی کے بعد موسم سرما کی پہلی برف باری شروع

31

مری،29جنوری(اے پی پی): ملکہء کوہسار مری میں طویل خشک سالی کے بعد موسم سرما کی پہلی برف باری کا سلسلہ علی الصبح شروع ہو گیا ہے جبکہ مری کے نشیبی علاقوں میں بارش اور ژالہ باری ہوئی ہے۔

 مری شہر، بھوربن ، نیو مری اور گلیات کے علاقوں میں پہاڑوں کی چوٹیوں پر  برف باری ہوئی ہے، دھند اور برف باری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے تاہم خشک سردی ختم ہو گئی ہے۔

 مری میں براہِ راست برف باری کا نظارہ دیکھنے کیلئے سیاح بھی مری میں موجود ہیں اور برف باری کے موسم سے بھر پور طریقے سے لطف اندوز ہو رہے ہیں ۔

  ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر عباس شیرازی نے جھیکا گلی، کشمیر پوائنٹ ، مال روڈ،کلڈنہ سمیت مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

ڈپٹی کمشنر نے بعد ازاں کنڑول روم کا بھی دورہ کیا اور تمام اہلکاروں اور مشینری کو فعال رکھنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ سہولت مراکز میں مختلف ڈیپارٹمنٹس کے اہلکار مدد اور رہنمائی فراہم کرنے کے لیےموجود ہیں۔سڑکوں سے مشینری کے ساتھ ساتھ مینیولی بھی برف ہٹانے کا کام جاری ہے جبکہ نمک کا چھڑکاؤ بھی کیا جا رہا ہے۔