مستقبل کے انٹرنیشنل ٹورز اور ورلڈ کپ کو دیکھ کر ٹیم پلاننگ کر رہے ہیں یہ تجربات روٹیشن پالیسی کا حصہ ہیں،نائب کپتان محمد رضوان

11

اسلام آباد،19 جنوری(اے پی پی ): قومی کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان محمد رضوان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہماری قوم پیار ومحبت والی قوم ہے، کرکٹ میں فتوحات حاصل کرنے کیلئے پوری ٹیم ہرلحاظ سے متحد ہے اور پوری ٹیم کے دلوں میں قوم کی فتوحات کی خواہشات کا احترام ہے ۔ ہمیشہ ٹیم کےلئے پرفارم کرنا ذہن میں ہوتا ہے سنچری کا سوچا بھی نہیں۔ آج کی پچ 150-60 رنز والی تھی اور ہم اسی حساب سے کھیلے ہیں۔

نیوزی لینڈ کے خلاف چوتھے میچ میں شکست کے بعد محمد رضوان کا کہنا تھا کہ ٹیم کے نتائج اس طرح سے نہیں نکل رہے جو ہماری قوم چاہتی ہے، ٹیم مینجمنٹ و کوچز ٹیم کمبی نیشن سے متبادل آرڈرز کو آزمانے کی کوشش کر رہے ہیں، جس پر سوالیہ نشان اٹھ رہے ہیں مستقبل کے انٹرنیشنل ٹورز اور ورلڈ کپ کو دیکھ کر ٹیم پلاننگ کر رہے ہیں جس کے تجربات روٹیشن پالیسی کا حصہ ہیں۔

رضوان نے بابر اعظم کے ساتھ اپنی اوپننگ جوڑی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ مینجمنٹ اور کوچنگ سٹاف کی کوشش ہے کہ ٹیم کو مزید مضبوط بنانے کے لیے کس حکمت عملی سے بہترین نتائج حاصل کئے جاسکتے ہیں ، صرف اسی بنیاد پر ورلڈ کپ اور ٹیم کے مستقبل کو سامنے رکھ کر تجربات کیے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے ذاتی طور پر شکست پسند نہیں لیکن جس پلان کے تحت ہم چل رہے ہیں وہ جامع حکمت عملی ہے جس سے مثبت نتائج ملیں گے کیونکہ دنیا کی ہر ٹیم اس بات کی خواہاں ہے کہ وہ ہر لحاظ سے متحد ہوکر فتوحات حاصل کرے ۔

قومی ٹیم کے نوجوان بلے بازصائم ایوب کے حوالے سے بات کرتے ہوئے  نائب کپتان نے کہا کہ ان سے کافی امیدیں وابستہ ہیں تاہم بدقسمتی سے تاحال وہ بڑی اننگ نہیں کھیل پارہے جس کے ہم سب منتظر ہیں۔ کرکٹ میں بین الاقوامی سطح پرعمدہ کارکردگی کے لئے وقت درکار ہوتا ہے اس حوالے سے ہم صائم ایوب کو بھرپور مواقع فراہم کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے باﺅلرز مخالف ٹیم کے کھلاڑیوں کی وکٹیں حاصل نہیں کر رہے اس کی تکنیکی وجوہات ہیں جس پر ابھی بات نہیں کی جاسکتی ۔