لاہور، 27 جنوری(اے پی پی): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن نے یونیورسٹیوں میں گورننس اور فنانس کے معاملات بہتر بنانے کے حوالے سے قائم کنسورشیم کے اجلاس کی صدارت کی۔ گورنر پنجاب نے اجلاس میں کنسورشیم ممبران کی جانب سے پیش کی گئی حتمی سفارشات کی روشنی میں مختلف اقدامات کی حتمی منظوری دی جس کے تحت یونیورسٹی اساتذہ کی لازمی ٹریننگ، یونیورسٹیوں کے اندر مالی معاملات کی بہتری ،سنڈیکیٹ اور سینیٹ کی کارکردگی بہتر بنانا، سنڈیکیٹ ممبران کی کم از کم تعلیمی حد مقرر کرنا جیسے منفرد اور اہم اقدامات شامل ہیں۔ وفاقی حکومت کی 2018 سے جامعات کی فنڈنگ میں شدید کمی کے تناظر میں پنجاب حکومت کو یونیورسٹیوں کو خاطر خواہ فنڈز دینے کی ہدایت بھی شامل ہے۔ ان سفارشات کی روشنی میں گورنر پنجاب نے بحیثیت چانسلر پنجاب کی تمام جامعات میں بھرتی ہونے والے اساتذہ کی ٹریننگ لازمی بنانے کی ہدایات بھی جاری کر دیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ اس کے علاوہ جامعات کے تمام اساتذہ کی سالانہ ٹریننگ کو بھی لازمی کیا جا رہا ہے۔ اجلاس میں وائس چانسلر یونیورسٹی آف ایجوکیشن لاہور پروفیسر محمد عالم سعید، کنوینئر کنسورشیم پروفیسر ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا، ڈائریکٹر پنجاب ہائر ایجوکیشن لاہور نعمان مقبول، پروفیسر منشا فیکلٹی ممبر یونیورسٹی آف ایجوکیشن شریک تھے۔











