لاہور،11جنوری(اے پی پی): خیبرپختونخوا کے نگران وزیر کھیل ڈاکٹر نجیب اللہ نے مشیر کھیل پنجاب وہاب ریاض سے جمعرات کو یہاں نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں اہم ملاقات کی جس دوران سپورٹس کے فروع اور ترقی کے حوالے سے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر نجیب اللہ نے کہا کہ ملاقات میں چاروں صوبوں میں سپورٹس ایکسچنج پروگرام پر بات ہوئی ہے جسکے سربراہ پنجاب کے مشیر برائے کھیل وہاب ریاض ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ سپورٹس کی ترقی کیلئے مل کر کام کریں گے اور اس سلسلے میں جلد ہی ارباب نیاز سٹیڈیم پشاور میں نمائشی میچ کروانے جارہے ہیں۔
مشیر کھیل پنجاب وہاب ریاض نے میڈیا کو بتایا کہ بچوں کو کھیلنے کے زیادہ سے زیادہ مواقع دینا ہوں گے، جلد ہی خیبرپختونخوا کی ٹیمیں پنجاب آئیں گی اور پنجاب کی ٹیمیں کے پی جائیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس پروگرام سے دونوں صوبوں کے کھیلوں میں بہتری آئے گی۔