نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت  وفاقی کابینہ کا اجلاس

13

اسلام آبا،10جنوری  (اے پی پی):نگران وفاقی کابینہ نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں وفاقی نظامت تعلیمات کے یومیہ اجرت پر کام کرنے والے 227 اساتذہ کو مستقل بنیادوں پر تعینات کرنے اور جبری گمشدگیوں پر بنائی گئی کابینہ کمیٹی کی تشکیل نو کی منظوری دےدی۔

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس یہاں منعقد ہوا۔اجلاس کے آغاز میں باجوڑ میں پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکاروں پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت اور اس کے نتیجے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ کابینہ نے  شہید پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

  اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ریاست شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی، شہید پولیس اہلکاروں نے ہمارے آنے والے کل کے لئے اپنا آج قربان کر دیا، ریاست ان کے لواحقین کو کبھی اکیلا نہیں چھوڑے گی اور ان کی فلاح و بہبود کا ہر ممکن خیال رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد جس قدر بزدلانہ کارروائیاں کریں گے ان کے خلاف ریاست کے رد عمل میں اتنی ہی شدت آئے گی، دہشت گرد 24 کروڑ لوگوں کے عزم کو ہرا نہیں سکتے ۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان سے پولیو کے مکمل خاتمے تک انسداد پولیو مشن بھرپور طریقے سے جاری رہے گا۔

 وزیراعظم نے پولیو کے خاتمے کے لئے حکومتی کوششوں میں افواج پاکستان، پولیس،  پولیو ورکرز اور دیگر اداروں کے کردار کو سراہا۔وفاقی کابینہ نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے 2018 کے فیصلے کی روشنی میں وفاقی نظامت تعلیمات کی پیش کردہ سمری اور فیڈرل پبلک سروس کمیشن کی سفارشات کی روشنی میں  یومیہ اجرت پر کام کرنے والے 227  اساتذہ کی مستقل بنیادوں پر تعیناتی کی منظوری دے دی۔وفاقی کابینہ نے وزارتِ داخلہ کی سفارش پر جبری گمشدگیوں پر بنائی گئی کابینہ کمیٹی کی تشکیل نو کی منظوری دے دی۔

 کابینہ کو بتایا گیا کہ اس سے قبل سابق نگران وزیر داخلہ سرفراز احمدبگٹی کو اس کمیٹی کی سربراہی سونپی گئی تھی، ان کے استعفیٰ کے بعد وزیراعظم کی منظوری سے کابینہ کمیٹی کی تشکیل نو کی جا رہی ہے، نو تشکیل شدہ کمیٹی کی صدارت وفاقی وزیر قانون و انصاف کریں گے۔

وفاقی کابینہ نے وزارتِ قانون و انصاف کی سفارش پر سپریم کورٹ بلڈنگ کمیٹی کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے سپریم کورٹ کراچی رجسٹری کے لئے زیر تعمیر نئی عمارت میں کراچی بھر میں مختلف مقامات پر قائم تمام  فیڈرل کورٹس اور ٹربیونلز کی منتقلی اور عمارت کے ڈیزائن میں ضروری ترامیم کرنے کی منظوری دے دی۔ سپریم کورٹ کراچی رجسٹری اپنی موجودہ عمارت میں کام جاری رکھے گی۔

 وفاقی کابینہ نے وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کی سفارش پر لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ بورڈکے چیف ایگزیکٹو کی تعیناتی کے حوالے سے پیش کی گئی سمری پر ہدایت دی   کہ اس حوالے سے بلوچستان اور اسلام آباد ہائی کورٹس کے فیصلوں کی روشنی میں  لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ بورڈ کے انتظامی بورڈ کو فعال کیا جائے تاکہ چیف ایگزیکٹو کی تعیناتی کے حوالے سے قانونی تقاضے پورے کئے جا سکیں۔وفاقی کابینہ نے کینابیس کنٹرول اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی آرڈیننس 2024 کی اصولی منظوری دیتے ہوئے اسے کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو کیسز کو بھیج دیا۔ اس اتھارٹی کے تحت ملک میں بھنگ کی کاشت ،ایکسٹریکشن، ریفائننگ اور طبی اور صنعتی استعمال کے حوالے سے ضروری ضوابط مرتب کئے جا سکیں گے۔

وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 13 دسمبر 2023، 15 دسمبر 2023 اور 20 دسمبر 2023 کو منعقد  ہونے والے اجلاسوں میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق کردی۔ وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائےحکومتی ملکیتی ادارہ جات  کے 28 دسمبر 2023  کے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق کردی۔وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹوکیسز کے 22 دسمبر 2023  کے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی بھی توثیق کی۔