نگران وزیراعلیٰ کا جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی زیر تعمیر عمارت کا دورہ، تعمیراتی کاموں کا جائزہ

6

لاہور،10جنوری (اے پی پی):نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی زیرتعمیر عمارت کا دورہ  کیا اور تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا اور تعمیراتی سرگرمیوں پر پیشرفت کا مشاہدہ  بھی کیا۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی نے بیسمنٹ کے لینٹر کی کوالٹی کو چیک کیا اور گراؤنڈ فلور کے تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا اور انہوں نے تعمیراتی کام مقررہ مدت میں مکمل کرنے کا حکم دیا اور کہا کہ جناح انسٹی ٹیوٹ آ ف کارڈیالوجی فنکشنل ہونے سے پی آئی سی پر مریضوں کا لوڈ کم ہوگا،لاہور جیسے بڑے شہر میں دل کے مریضوں کے لئے ایک نئے ہسپتال کی ضرورت بڑے عرصے سے تھی۔

وزیراعلیٰ کوبریفنگ میں بتایا گیا کہ  جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی 54کنال اراضی پر بنایاجارہاہے۔ جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی 256 بستروں پر مشتمل ہوگا اور پارکنگ پلازہ بھی بنانے کا منصوبہ بنایا گیاہے۔

صوبائی وزراء ڈاکٹر جاوید اکرم، عامر میر، سیکرٹری صحت،کمشنر لاہورڈویژن،سی سی پی او،پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج، ایم ایس جناح ہسپتال اورمتعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجو د تھے۔