انڈسٹری کو فروغ دے کر معیشت کی سمت درست کر ینگے، انڈسٹری کا پہیہ چلے گا تو ہی معشیت آگے بڑھے گی؛ ایس ایم تنوی

6

لاہور، 10 جنوری (اے پی پی): صوبائی وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویر نے کہا ہے کہ انڈسٹری کو فروغ دے کر معیشت کی سمت درست کر ینگے، انڈسٹری کا پہیہ چلے گا تو ہی معشیت آگے بڑھے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور اور فیصل آباد کی بزنس کمیونٹی کے نمائندوں سے گفتگو میں  کیا۔ملاقات میں انڈسٹری کو درپیش مسائل پر بات چیت کی گئی۔

صوبائی وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ  بزنس کے شدید مسائل ملکر حل کرنا ہیں، حکومت کی کاوشوں اور کسانوں کی محنت سے کپاس کی دگنی پیداوار حاصل ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ گندم کی بھی ریکارڈ پیداوار حاصل کریں گے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ نئے کارخانے لگانے کیلئے سرمایہ کاروں کو ون ونڈو کی سہولت دی گئی ہے۔ لاہور کے بعد فیصل آباد سمیت 5بڑے شہروں میں بزنس فسیلیٹیشن سینٹرز تکمیل کے مراحل میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک سے پیار کریں گے تو سب کچھ ٹھیک ہوجائے گا۔

ایس ایم تنویر نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کو کسی صورت مایوس نہیں کریں گے اور ہم سب ملکر کاروباری سرگرمیاں بڑھائیں گے۔

  بزنس کمیونٹی نے ایس ایم تنویر کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے ناممکن کو ممکن کر دکھایا ہے۔  نائب صدر ایف پی سی سی آئی امان پراچہ نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کیلئے ایس ایم تنویر ہمہ وقت کوشاں دکھائی دیتے ہیں۔

 ریجنل چئیرمین ایف پی سی سی آئی ذکی اعجاز، عبدالروف مختار، میاں تنویر ریاض، چوہدری خالد محمود اور دیگر ملاقات میں موجود تھے۔