نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ کی کارگِل کے پاک۔امریکہ تجارتی تعلقات مضبوط کرنے میں کردار کی تعریف، ایس آئی ایف سی کے ذریعے بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے اقدامات پر گفتگو

19

 

ڈیووس،16جنوری  (اے پی پی): نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے کارگِل کے پاکستان کے ساتھ زرعی شعبے میں تعاون اور پاک امریکہ تجارتی تعلقات کو مضبوط کرنے میں کردار کو سراہا ہے اور  کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کیلئے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے اقدامات کو اجاگر کیا ہے۔

نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ سے عالمی اقتصادی فورم کے 54 ویں سالانہ اجلاس کے موقع پر کارگِل کے صدر و چیف ایگزیکٹو آفیسر  برائن سائیکس نے ملاقات کی۔   ملاقات میں وزیرِ اعظم نے کارگِل کے پاکستان کے ساتھ زرعی شعبے میں تعاون اور پاک امریکہ تجارتی تعلقات کو مضبوط کرنے میں کردار کو سراہا۔

 وزیرِ اعظم نے حکومت کے کاروبار اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی)کے قیام اور  قلیل عرصہ میں اس کے مختلف شعبوں میں بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے اقدامات اور ان کے مثبت نتائج پر گفتگو کی۔

 وزیرِ اعظم نے حکومت کے غذائی تحفظ کیلئے اقدامات بالخصوص خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے تحت زرعی شعبے میں جدت کے اقدامات پر بھی روشنی ڈالی۔ برائن سائیکس نے مختلف شعبوں  بالخصوص زراعت اور غذائی تحفظ کے شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے حکومت پاکستان کی جانب سے فراہم کردہ سہولیات کی تعریف کی۔