پاکستان اور سعودی حکومت کے مابین حجاج کو سہولیات کی فراہمی کے لیے  معاہدات پر دستخط

31

جدہ ،11 جنوری(اے پی پی): نگران وزیر مذہبی امور انیق احمد کی سربراہی میں پاکستانی وفد کا دورہ سعودی عرب کامیابی سے جاری ہے جس کے دوران  حکومتِ پاکستان اور سعودی حکومت کے مابین متعدد حج  معاہدات پر دستخط ہوئے ۔

دورے کے دوران دونوں ملکوں کے مابین پاکستانی حجاج کو سہولیات کی فراہمی بارے مفاہمت کی یاداشت پر دستخط بھی ہوئے جس میں سیکرٹری مذہبی امور ڈاکٹر سید عطاءالرحمن ، جوائنٹ سیکرٹری حج سجاد یلدرم، جدہ میں قائم دفتر امور حجاج پاکستان  کے ڈائریکٹرز ضیاءالرحمن ، فہیم آفریدی اور ضیغم نواز بھی موجود تھے ۔

ان معاہدات کے متعلق وزیر مذہبی امور انیق احمد نے کہا کہ حجاج کرام کو بہتر سہولیات کے فراہمی کیلئے وزارت کے حکام انتھک محنت کر رہے ہیں اور معاہدے کے تحت آئندہ حج کے دوران منیٰ عرفات میں پہلے سے بہتر جگہ فراہم کی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ حج 2024  کے دوران عمومی سہولیات گزشتہ سال کی نسبت بہتر ہوں گی۔

تقریب کے اختتام پر سعودی حکام نے پاکستانی وفد کو غلافِ کعبہ کا سوینئر پیش کیا۔