اسلام آباد،11 جنوری(اے پی پی(: پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکاء اشرف نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کے میڈیا رائٹس تاریخی قیمت پر فروخت ہوئے ہیں، جس کا سہرا پوری ٹیم کو جاتا ہے، پی ایس ایل ایک بڑا برانڈ ہے۔
بدھ کو پی ایس بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر اور لیگ کمشنر نائلہ بھٹی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ذکاء اشرف نے کہا کہ پی ایس ایل کے لیے ایک تاریخی دن تھا، امید تھی کہ پی ایس ایل ایک بڑا برینڈ ہے اور اتنی طاقت رکھتا ہے کہ بڈنگ میں اچھی قیمت لگوا سکتا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ وزیراعظم پاکستان سے ملاقات کے دوران ان کو قومی ٹیم کے آسڑیلیا کے دورے کے حوالے سے تفصیلی آگاہ کیا۔
ذکاء اشرف کا کہنا تھا کہ دورہ آسٹریلیا میں کرکٹ آسٹریلیا کے چیئرمین کے ساتھ مستقبل میں کرکٹ کے فروغ اور بہتری کے لیے تعاون پر مثبت اتفاق ہوا۔آسڑیلیا اور پاکستان کی پلیئنگ کنڈیشنز اور مسائل کے حوالے سے مثبت پیشرفت ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلی دفعہ اس طرح کا پروگرام ترتیب دیا گیا ہے جس میں پچز کی تیاری کے لیے کوریٹر کی تربیت کرنا انتہائی مثبت معاہدہ ہوگا۔
پریس کانفرنس سے خطاب میں سلمان نصیر نے کہا کہ کرکٹ کیلینڈر کے حوالے سے کافی مسائل تھے، آسٹریلیا کرکٹ بورڈ سے کیلینڈر کو ترتیب دینے پر بات ہوئی جس میں پی ایس ایل، بگ بیش لیگ آپس میں کلیش نا کریں اور پلئیر کی دستیابی کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔
سلمان نصیر کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کرکٹ بورڈ کرکٹ کی ترقی پر بات چیت ہوئی جس میں انڈر 19 اور ویمنز کرکٹ ٹیم کے دورہ کو مستقل بنانے پر غور و فکر کیا گیا تا کہ دونوں ممالک کی ٹیموں کو فارن کنڈیشنز پر کھیلنے کی عادت ہو۔
لیگ کمشنر نائلہ بھٹی کا کہنا تھا کہ اے آر وائی کمیونیکیشنز (پرائیویٹ) لمیٹڈ (اے آر وائی) نے پاکستان میں ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 2024 اور 2025 کو نشر کرنے کے لیے عوامی ٹینڈر کے عمل کے تحت سب سے زیادہ بولی جمع کرائی جس میں گزشتہ دو برسوں کے مقابلے میں 45 فیصد کا زبردست اضافہ دیکھا گیا ہے۔