اسلام آباد،4جنوری (اے پی پی):نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان قطر کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری سمیت تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کا خواہشمند ہے، قطر کی جانب سے غزہ میں عارضی جنگ بندی کیلئے سفارتی کوششیں قابل تعریف ہیں، عالمی برادری بالخصوص مسلم امہ فلسطین میں امن کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے۔ جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق پاکستان میں قطر کے سفیر علی مبارک علی عیسیٰ الخاطر نے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے یہاں ملاقات کی۔
نگران وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور قطر کے درمیان مضبوط اور برادرانہ تعلقات ہیں، پاکستان تجارت اور سرمایہ کاری سمیت تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے کا خواہشمند ہے۔
نگران وزیراعظم نے قطر کے امیر کیلئے تہنیتی پیغام دیا۔ خلیجی خطہ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے نگران وزیراعظم نے کہا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل قطر سمیت خلیجی ممالک کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں معیشت کے اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کیلئے راغب کرنے کیلئے فعال کردار ادا کر رہی ہے۔
انہوں نے قطری سفیر سے کہا کہ وہ سیاحت اور میڈیا کے شعبوں میں تعاون کے امکانات تلاش کریں۔ نگران وزیراعظم نے غزہ میں عارضی جنگ بندی کیلئے سفارتی کوششوں میں قطر کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ فلسطین میں قیام امن کیلئے عالمی برادری بالخصوص امت مسلمہ کی جانب سے مشترکہ کاوشوں کی ضرورت ہے۔ نگران وزیراعظم نے انہیں پاکستان میں سفیر کی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ ان کی تعیناتی کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دوستی کے رشتے مزید مضبوط ہوں گے۔