گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی کا صدر بازار پشاور کا دورہ

21

 

پشاور،23 جنوری(اے پی پی): گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے پشاور صدر کے ٹائم سنٹر میں ہونیوالی آتشزدگی کو انتہائی افسوس ناک حادثہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ تاجر برادری کے نقصانات پر غمزدہ ہوں، صوبائی حکومت متاثرہ دکانداروں کے مالی نقصانات کے ازالہ کیلئے ضرور اقدامات اٹھائے گی۔

گورنر نے آج صدر بازار پشاور کا دورہ کیا اور آگ لگنے سے متاثرہ ٹائم سنٹر شاپنگ پلازہ کا جائزہ لیا،اس موقع پر پولیس و ریسکیو حکام نے گورنر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ آگ لگنے سے 65 دکانیں، 17 گودام مکمل طور پر خاکستر ہو گئے، جبکہ دکانوں کے اندر موجود نقد رقم بھی نذر آتش ہو گئی، جس پر گورنر نے ٹائم سنٹر میں آتشزدگی کے باعث کروڑوں مالیت کے نقصان پر دکھ و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ تاجروں، دکانداروں سے اظہار ہمدردی بھی کیا۔

اس موقع پر متاثرہ دکانداروں، تاجروں نے گورنر سے متاثرہ عمارت میں داخل ہونے کیلئے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے نقصانات دیکھنے کیلئے اندر جانے نہیں دیا جا رہا ہے، شاید ہماری نقد رقم و کچھ اشیاءمحفوظ ہوں جس پر گورنر نے تاجروں، دکانداروں کو متعلقہ حکام سے بات چیت کر کے عمارت میں رسائی دینے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ قانون کے مطابق جو انکا حق ہے وہ مالی معاونت کی جائیگی۔