گورنر خیبر پختونخوا غلام علی کا ایران قونصلیٹ جنرل پشاور کا دورہ، کرمان دھماکوں میں ہونیوالی شہادتوں پر اظہار تعزیت

25

پشاور،9جنوری(اے پی پی): گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے آج اسلامی جمہوریہ ایران قونصلیٹ جنرل پشاور کا دورہ کیا اور ایرانی قونصل جنرل علی بنفشہ خواہ سے ملاقات کی، نگران صوبائی وزیر اطلاعات بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکا خیل بھی اس موقع پر انکے ہمراہ موجود تھے۔

گورنر اور نگران صوبائی وزیر اطلاعات نے ایرانی قونصل جنرل سے ایران کے شہر کرمان میں دھماکوں میں ہونیوالی شہادتوں پر اظہار تعزیت کیا اور سینکڑوں شہادتوں پر اپنی اور خیبرپختونخوا کے عوام کیجانب سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔

گورنر نے ایران دھماکوں کے شہداء کی درجات بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ سینکڑوں شہادتوں پر ایرانی حکومت و ایرانی عوام سے اظہار تعزیت کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ واقعہ انتہائی افسوسناک و قابل مذمت ہے،  پاکستان بالخصوص خیبر پختونخوا کے عوام ایرانی عوام کے دکھ و غم میں برابر کے شریک ہیں۔