اسلام آباد،7جنوری (اے پی پی):محمد شعیب نے 36ویں فیڈرل کپ نیشنل رینکنگ چیمپئن شپ میں مینز سنگل کا ٹائٹل جیت لیا۔ آج بروز اتوار پی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس اسلام آباد کھیلے گئے مینز سنگلز کے فیصلہ کن میچ میں محمد شعیب نے عقیل خان کو6-2اور6-4سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔
لیڈیز سنگلز کے فائنل میں سارہ محبوب خان نے آمنہ علی قیوم کو 6-4ور7-5 سے شکست دے کر کامیابی حاصل کی۔ بوائز اینڈ گرلز انڈر10- سنگل فائنل میں محمد عرش نے محمد فیضان کو 4-2 اور 4-1 سے ہرا کر ٹائٹل حاصل کیا۔
اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی ڈائریکٹر سپورٹس پی ٹی وی اسامہ اظہر اور اسلام آباد ٹینس ایسوسی ایشن کے سینئر ایگزیکٹو نائب صدر ماجد بشیر نے بطور مہمان اعزاز شرکت کی، انہوں نے ونرز اور رنراپ کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ٹینس ایسوسی ایشن کے زیراہتمام منعقدہ چیمپئن شپ میں ملک بھر سے 120 سے زائدکھلاڑیوں نے حصہ لیا،ایونٹ میں مینز سنگلز، مینز ڈبل،ویمنز سنگلز، سنگل جونیئر انڈر18- سنگل، بوائز انڈر14- اور بوائز اینڈ گرلز انڈر10- سنگل کے مقابلے ہوئے۔