اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس، مختلف وزارتوں کے لیے سپلیمنٹری گرانٹس کی منظوری

17

اسلام آباد، 1فروری (اے پی پی): کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس   وفاقی وزیر خزانہ، محصولات اور اقتصادی امور ڈاکٹر شمشاد اختر کی زیرِ صدارت منعقدہوا جس میں مختلف وزارتوں کے لیے سپلیمنٹری گرانٹس کی منظوری دی گئی۔

اجلاس کے دوران کمیٹی کو ایوی ایشن ڈویژن کی سمری کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی جس میں وزارت ہوابازی کوپاکستان میں پی ایم ڈی کی ہائیڈرومیٹ سروسز کی ماڈرنائزیشن کے پروجیکٹ کے لیے 500 ملین روپے کی ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ مختص کرنے کے حوالے سے بتایا گیا کمیٹی نے اس حوالے سے غور و فکر کے بعد سمری کی منظوری دیدی ۔

ای سی سی نے وفاقی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کے لیے پروگرام ” تعلیم کے لیے کارکردگی کو مضبوط بنانے کے لیے اقدامات” کے لیے مالی سال 2023-24 کے دوران 7.15 بلین روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی۔ اجلاس میں وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ کی جانب سے ملک میں گندم کی طلب اور رسد کے حوالے سے پیش کی گئی سمری پر تفصیلی بحث کے بعد اسے منظور کرلیا گیا۔ فورم نے ملک میں گندم کی طلب اور رسد کی صورتحال کو مستحکم کرنے کے لیے درست راستہ اختیار کرنے پر وزارت کے اقدامات کو سراہا۔

 وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کی موجودگی میں وزارت امور کشمیر و گلگت بلتستان کی جانب سے گلگت بلتستان میں سبسڈی والی گندم کی قیمت کو درست کرنے کے جامع پائیدار پلان کے حوالے سے سمری پر بحث ہوئی۔ فورم نے وزارت خزانہ اور وزارت امور کشمیر اور گلگت بلتستان کو طریقہ کار وضع کرنے کی ہدایت کے ساتھ منظوری دی۔

 اجلاس میں وزیر برائے نجکاری و بین الصوبائی رابطہ فواد حسن فواد، وزیر منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات سمیع سعید، وزیر برائے مواصلات میری ٹائمز اور ریلویز شاہد اشرف تارڑ، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن ڈاکٹر محمد جہانزیب خان، وزیر اعظم کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر وقار مسعود، وفاقی سیکرٹریز اور متعلقہ وزارتوں کے دیگر سینئر سرکاری افسران نے بھی شرکت کی۔