پشاور، 29 فروری (اے پی پی):ملک کے سب سے بڑے فلاحی ادارے الخدمت فاونڈیشن نے پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی)کے ساتھ افراد باہم معذوری اور خواتین کو سفر کے دوران سہولیات کی فراہمی کے سلسلے میں مفاہمتی یاداشت پر دستخط کردیے جس کے تحت الخدمت فاونڈیشن خیبرپختونخوا بی آر ٹی پشاورکے اسٹیشنوں پر عالمی معیار کی 50 ویل چیئرز فراہم کریں گی جس سے سفر کے دوران خصوصی افراد اور ضرورت مند خواتین استفادہ کریں گی۔
اس سلسلے میں پشاور یونیورسٹی کے شعبہ ایریا سٹڈی سنٹر کی کانفرنس روم میں الخدمت فاونڈیشن خیبرپختونخوا کے صدر خالد وقاص اور پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) کے سی ای او ڈاکٹرطارق عثمان نے ایک مفاہمتی یاداشت پر دستخط کیے۔
پشاور یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سلیم،ایریااسٹیڈی سنٹر کے ڈائریکٹر ڈاکٹرنعیم قاضی،پیڈو کے سی ای او شہاب الدین،الخدمت کے پروگرام منیجر محمد وسیم،منیجر میڈیا نورالواحد جدون،منیجر ریسورس موبلائزیشن محمد عدنان راز اور دیگرذمہ داران بھی موجود تھے۔
معاہدے کے تحت الخدمت فاونڈیشن بی آرٹی سروس میں تعینات ملازمین کے تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں کو الخدمت ہسپتال نشترآباد پشاور میں مفت طبی سہولیات سمیت بی آر ٹی کے ملازمین میں اگر کسی ملازم کا انتقال ہوتا ہے تو اس کے یتیم بچوں کو ترجیحی بنیادوں پرالخدمت کفالت یتامی ٰپروگرام میں شامل کیا جائےگا۔
معاہدے کے تحت کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں الخدمت ایمبولینس سروس بی آر ٹی ٹریک استعمال کریں گے جبکہ پشاور میں قائم بی آرٹی اسٹیشنوں اور بسوں کے اندر لگی اسکرینوں پر الخدمت فاونڈیشن کی فلاحی سرگرمیوں اور مہمات کی تشہیر کی جائے گی۔











