الیکشن میٹریل کی حلقوں میں ترسیل کا آغاز کردیا گیا ہے ؛ڈی آر او ملتان

17

 

ملتان، 04 فروری (اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر و ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر کیپٹن ریٹائرڈ رضوان قدیر نے کہا ہے کہ جنرل انتخابات کیلئے بیلٹ پیپرز اور  الیکشن میٹریل کی حلقوں میں ترسیل کا آغاز کردیا گیا ہے، اس سلسلے میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے ملتان پبلک سکول میں انتخابی مٹیریل بھی پہنچادیا گیا ہے، ضلع بھر کے 18 ریٹرنگ افسران نے اپنے حلقوں کا انتخابی سامان بھی وصول کرلیا ہے

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان پبلک سکول میں قائم الیکشن آفس کا دورہ کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ریٹرننگ افسران کو انتخابی مٹیریل کی حوالگی کے عمل کا جائزہ لیا۔

ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ رضوان قدیر نے کہا کہ مرکزی الیکشن آفس میں تمام ریٹرننگ افسران کے کیمپ دفاتر قائم کردیے گئے جبکہ نتائج مرتب کرنے اور پورٹل پر اپ لوڈ کرنے کی مشقیں بھی مکمل کرلی گئیں ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پولنگ سٹیشنوں پر انتخابی سامان کی ترسیل کل سے شروع ہوگی جس کے بعد پریذائیڈنگ آفیسرز انتخابی مٹیریل کی وصولی اور حوالگی کے ذمہ دار ہونگے۔

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ پولنگ سٹیشنوں اور مرکزی الیکشن آفس کیلئے سخت سیکورٹی پلان بھی تشکیل دے دیا گیا ہے۔انہوں  نے کہا کہ امیدواروں اور شہریوں کی سہولت کیلئے پولنگ سٹیشنوں پر تمام ممکنہ اقدامات کرلئے گئے ہیں۔