لاہور،14 فروری ( اے پی پی ):امراض قلب سے بچاؤ اور علاج معالجہ کےلئے نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور پاکستان سوسائٹی آف انٹروینشنل کارڈیالوجی کے درمیان باہمی تعاون کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کردیئے گئے۔ جس کے تحت نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (این آئی ٹی بی) امراض قلب سے بچاؤ اورہارٹ اٹیک کے امراض کے علاج معالجہ کےلئے ڈیٹا کی تیاری اور تحقیق کے لیے پاکستان سوسائٹی آف انٹروینشنل کارڈیالوجی (پی ایس آئی سی) کو ڈیجیٹل اور ٹیکنیکل تعاون فراہم کرے گا۔
اس حوالے سے بدھ کو لاہور میں منعقدہ تقریب میں نگران وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن ڈاکٹر عمر سیف نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ مفاہمتی یادداشت پر چیف ایگزیکٹو آفیسر نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ ڈاکٹر بابر ماجد بھٹی، صدر پاکستان سوسائٹی آف انٹروینشنل کارڈیالوجی پروفیسر ڈاکٹر زبیر اکرم، نائب صدر پروفیسر ڈاکٹر نعمان نصیر نے دستخط کیئے ۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل این آئی ٹی بی سہیل خان اور دیگر بھی موجود تھے۔
تقریب سے خطاب میں نگراں وزیر آئی ٹی ڈاکٹر عمر سیف کا کہنا تھا کہ دنیا تیزی سے ٹیکنالوجی کو اپناتے ہوئے صحت، تعلیم سمیت معمولی سے لے کر اہم شعبوں تک کو ڈیجیٹائز کردیا گیا ہے، ہم اگرچہ اس عمل سے بہت پیچھے ہیں لیکن ڈیجیٹل دنیا سے خود کو منسلک کرنے کیلئے اس طرح کےا قدامات ناگزیر ہیں۔ انھوں نے کہا کہ امراض قلب سے بچاؤ اور مریضوں کیلئے تمام مطلوبہ معلومات کی کی بروقت رسائی قیمتی انسانی جانوں کو بچانے میں معاون ثابت ہوگی۔ اس ضمن میں وزارت آئی ٹی ہر ممکن سہولت اور معاونت فراہم کرے گی۔
قبل ازیں سی ای او نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ ڈاکٹر بابر ماجد بھٹی اور صدر پاکستان سوسائٹی آف انٹروینشنل کارڈیالوجی پروفیسر ڈاکٹر زبیر اکرم نے وفاقی وزیر کو اس معاہدے کے خدوخال کے بارے میں بریفنگ دی اور بتایا کہ اس معاہدے سے دل کا دورہ پڑنے والے ان مریضوں کے بروقت علاج میں مدد کے لیے قومی نیٹ ورکس اور ڈیٹا بیس تیار کرنے کے منصوبے کی تکمیل میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ دل کے دورے کی ابتدائی اور ثانوی روک تھام کے لیے یہ معاہدہ بہت معاون و مددگار ثابت ہو گا۔