اسلام آباد،3 فروری (اے پی پی): نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے حوالے سے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں، قومی اسمبلی کی 266 نشستوں پر انتخابات ہو رہے ہیں، انتخابی عمل کے مشاہدے کے لئے مختلف ممالک کے 92 غیر ملکی مبصرین کو ویزے جاری کئے گئے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں وزارت داخلہ، وزارت خارجہ، وزارت اطلاعات اور الیکشن کمیشن کے نمائندوں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ انتخابات میں صرف چار دن رہ گئے ہیں، جس میں ہم ایک نیا سفر شروع کرنے جا رہے ہیں، جمہوریت کا تسلسل جاری ہے، پاکستان دنیا کی پانچویں بڑی جمہوریت ہے۔
انتخابات میں سکیورٹی کی صورتحال کے حوالے سے نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ پولنگ سٹیشنوں پر سکیورٹی کے بھرپور انتظامات کئے گئے ہیں،انتخابات میں سکیورٹی کو تین حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے، پہلے حصے میں پولیس، دوسرے میں رینجرز اور ایف سی سکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے ۔انہوں نے کہا پرامن اور شفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنایا جائے گا۔
نگران وفاقی وزیر نے کہا کہ ماضی میں انتخابات کے حوالے سے بہت سی قیاس آرائیاں ہو رہی تھیں ،کبھی موسم، تو کبھی سکیورٹی کی صورتحال کو وجہ بنا کر الیکشن ملتوی ہونے کی باتیں کی جا رہی تھیں، مگر ہم نے ہر ممکن کوشش کی کہ انتخابات کا انعقاد وقت پر کرایا جائے۔
ایک سوال ے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم ایک آزاد ملک ہیں، یہاں میڈیا آزاد ہے ،میڈیا کے پاس حق ہے کہ وہ کسی بھی عمل پر تنقید کرسکے تاہم عدالت اور اسٹیبلشمنٹ کے حوالے سے ہمارا مینڈیٹ نہیں کہ ہم ان کے فیصلوں پر اثر انداز ہوں یا پھر تنقید کریں۔
مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ سکیورٹی کی صورتحال اور دہشت گردی ہمارے لئے کچھ نیا نہیں ہے، پاکستان دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں کر رہا ہے، ہم اس صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے پر امن انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نگران سیٹ اپ کے دوران کئے گئے معاشی معاہدوں کو پارلیمنٹ کا کور حاصل ہے کیونکہ ان کا آغاز گزشتہ حکومت میں کیا گیا۔ ایس آئی ایف سی کے تحت سرمایہ کاروں کو راغب کیا جا رہا ہے، نگران حکومت نے معیشت کی بہتری کے لئے اہم اقدامات اٹھائے، ایس آئی ایف سی کے تحت معاشی معاہدے کئے گئے ہیں۔











