اسلام آباد،3 فروری (اے پی پی): نگران وفاقی وزیر اطلات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ شجرکاری ہمارا قومی اور اخلاقی فریضہ ہے،درخت انسانی زندگی کے لئے نہایت ضروری ہیں جو ماحولیاتی تحفظ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے وزارت اطلاعات میں شجرکاری مہم کا باقاعدہ افتتاح کر تے ہوئے کیا۔ نگران وفاقی وزیر اطلات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ ہمارا فرض ہے کہ ہم اپنے ماحول کو سرسبز و شاداب رکھیں، درخت اور پودے لگانے کے ساتھ ساتھ ان کی حفاظت کیلئے بھی اقدامات ضروری ہیں،شجرکاری مہم میں ایمز ایجوکیشن سسٹم اور پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن کا تعاون لائق تحسین ہے۔
واضح رہے کہ شجرکاری مہم کے لئے پودے پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن کی جانب سے وزارت اطلاعات کو تحفہ میں دیئے گئے ہیں جو پی ٹی وی ہیڈ کوارٹرز سمیت وزارت اطلاعات کے مختلف دفاتر میں لگائے جائیں گے۔
تقریب میں ایم ڈی پی ٹی وی مبشر توقیر شاہ، وزارت اطلاعات و نشریات کے اعلیٰ حکام، ایمز ایجوکیشن سسٹم کے ڈائریکٹر اور پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری عبدالوحید خان اور طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔











