ایف آئی اے کو عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق بنانے کیلئے منصوبوں کا آغاز انتہائی خوش آئند ہے؛  ڈاکٹر گوہر اعجاز

2

اسلام آباد،15فروری (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر داخلہ و تجارت ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا ہے کہ ایف آئی اے کو عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق بنانے کیلئے منصوبوں کا آغاز انتہائی خوش آئند ہے، بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں جو ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، پبلک سروس ڈیلیوری کو بہتر بنانے کے لئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جائے۔

 وہ جمعرات کو ایف آئی اے ہیڈکوارٹرز کے دورہ کے موقع پر اظہار خیال کررہے تھے۔اس موقع پر سیکرٹری داخلہ آفتاب اکبر درانی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ایف آئی اے دورہ کے موقع پر ڈی جی ایف آئی اے  احمد اسحاق جہانگیر نے وزیر داخلہ کا خیر مقدم کیا۔ایف آئی اے ہیڈکوارٹرز  آمد پر نگران وزیر داخلہ کو ایف آئی اے کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی ۔

بعد ازاں وفاقی وزیر نے ایف آئی اے حکام کے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت  کی جہاں پر ان کو ادارہ جاتی امور پر بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں ایف آئی اے کے تمام ایڈیشنل ڈائیریکٹر جنرلز ، ڈائریکٹرز اور دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔بریفنگ میں وفاقی وزیر کو تمام ونگز کی سالانہ کارکردگی پر رپورٹ پیش کی گئی ۔نگران وفاقی وزیر نے ونگز کی کارکردگی کوسراہا۔

وزیر داخلہ ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا کہ ایف آئی اے کا ملکی سلامتی اور سکیورٹی میں انتہائی اہم کردار ہے، دور حاضر کے چیلنجز سے نبردآزما ہونے کے لئے جدید ٹیکنالوجی کی اہمیت بڑھ گئی ہے، انسانی سمگلنگ اور سائبر کرائم کی روک تھام کے لئے ٹیکنالوجی کا موثر استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نےکہا کہ تفتیش کاروں کی استعداد کار کو بڑھانا اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا بھی انتہائی ضروری ہے۔