تمام تر خدشات اور افواہوں کو پس پشت ڈالتے ہوئے الیکشن کا انعقاد ہو رہا ہے؛ مرتضیٰ سولنگی

50

اسلام آباد ،07 فروری(اے پی پی): نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ الیکشن کے حوالے سے لوگوں کے ذہنوں میں بہت سے خدشات تھے، الیکشن کے انعقاد کے وعدے پر ہم قائم رہے، تمام تر خدشات اور افواہوں کو پس پشت ڈالتے ہوئے الیکشن کا انعقاد ہو رہا ہے، نگران حکومت انتخابات کا انعقاد یقینی بنا رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے   بدھ کو یہاں  پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ میں میڈیا کوآرڈینیشن اینڈ فیسلیٹیشن سینٹر کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا  کہ میڈیا کوآرڈینیشن اینڈ فیسلیٹیشن خاص طور پر الیکشن 2024ءکی کوریج کرنے والے مقامی اور بین الاقوامی صحافیوں کی سہولت کے لئے قائم کیا گیا ہے،میڈیا کوآرڈینیشن اینڈ فیسلیٹیشن کا مقصد صحافیوں کو ایک چھت کے نیچے تمام ضروری سہولیات کی فراہمی اور انتخابی عمل کے دوران قابل اعتماد معلومات اور لاجسٹک سپورٹ تک رسائی کو یقینی بنانا ہے۔

مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ میری پہلی پریس بریفنگ میں مجھ سے پہلا سوال الیکشن کے بارے میں کیا گیا تھا، اس وقت بھی یہی کہا تھا کہ یہ ملک آئینی جمہوریت کے تحت قائم ہے، آئینی وفاقی پارلیمانی نظام ہمارے سیاسی نظام کی بنیاد ہے۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن جو تاریخ دے گا، اس کے تحت الیکشن ہوں گے۔

  وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ کل غیر سرکاری نتائج کا اعلان شروع ہو جائے گا، سرکاری نتائج الیکشن کمیشن جاری کرے گا، الیکشن کے مرحلے تک پہنچنے تک بہت سے مسائل درپیش تھے۔

اس موقع پر وفاقی سیکریٹری اطلاعات شاہیرہ شاہد نے کہا کہ میڈیا کوآرڈینیشن اینڈ فیسلیٹیشن سینٹر میں صحافیوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی، سینٹر میں صحافیوں کی سہولت کے لئے تمام سہولیات موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ انتخابات کے دوران کسی کو بھی معلومات کی فراہمی کے حوالے سے مدد کی جائے گی، ہماری دعا ہے کہ الیکشن کا دن خیر و عافیت سے گزرے۔

افتتاح کے موقع پر پرنسپل انفارمیشن آفیسر ڈاکٹر طارق محمود اور وزارت اطلاعات کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔