حرمین شریفین سمیت ملک بھر کی مساجد میں نماز استسقا ء ادا کی گئی

1

مکہ مکرمہ،یکم فروری(اے پی پی): خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز کی ہدایت پر آج جمعرات کو حرمین شریفین سمیت  ملک بھر کی مساجد میں نماز استسقاء ادا کی گئی۔

مسجد الحرام اور مسجد نبوی سمیت دیگر مساجد میں باران رحمت کے نزول کے لیے دعائیں کی گئیں اور خطبہ دیا گیا۔باران رحمت کے لیے ادا کی جانے والی نماز کا سب سے بڑا اجتماع مسجد الحرام میں ہوا جہاں امام و خطیب شیخ ڈاکٹر عبد الرحمن السدیس نے امامت کراوئی اور بعد ازاں خطبہ دیا۔

نائب گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ سعود بن مشعل بن عبد العزیز اور دیگر اعلیٰ عہدیدار نمازمیں شریک ہوئے۔امام و خطیب مسجد الحرام شیخ ڈاکٹر عبد الرحمن السدیس نے  نمازیوں کو اللہ کا تقویٰ اختیار کرنے کی تلقین کی اور کہا  کہ تقویٰ اختیار کرنے سے دعائیں قبول ہوتی ہیں اور مشکلات دور ہوتی ہیں۔