کشمیری فنکاروں نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے؛مشعال حسین ملک

1

اسلام آباد،یکم فروری  (اے پی پی):وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق و ترقی نسواں مشعال حسین ملک نے کہا ہے کہ کشمیری فنکاروں اور موسیقاروں نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کرنے اور جموں وکشمیر کی جدوجہد آزادی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

وہ جمعرات کو یہاں انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز اسلام آباد میں آئی ایس سی کے زیر اہتمام آرٹ کے ذریعے کشمیری شناخت اور یکجہتی کے عنوان سے منعقدہ سیمینار اور نمائش سے خطاب کر رہی تھیں۔ سیمینار نے نوجوان پاکستانی اور کشمیری فنکاروں کو اکٹھا کرنے، کشمیری شناخت اور جدوجہد آزادی کی فنکارانہ عکاسی اور بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ایک پلیٹ فارم کا کردار ادا کیا۔

 تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کی معاون خصوصی نے سیمینار و نمائش کے انعقاد پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ نمائش پاکستان اور کشمیر کے نوجوانوں کو آرٹ کے ذریعےکشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

مشعال ملک نے کہا کہ کشمیر کے موسیقاروں نے ایسے گیت تخلیق کیے ہیں جو مقبوضہ جموں وکشمیر کے لوگوں میں مزاحمت کے جذبات کی مقامی اور عالمی سطح پر عکاسی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خطے سے تعلق رکھنے والے فنکاروں، فلم سازوں اور فوٹوگرافروں نے کشمیر میں زندگی کی تلخ حقیقتوں کو سیاسی کارٹونز، عکاسیوں، دستاویزی فلموں اور طاقتور تصاویر کے ذریعے پیش کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے ناول، مختصر کہانیوں اور مضامین کے ذریعے کشمیری عوام کو آواز فراہم کرنے کے لیے کشمیری شاعروں اور ادیبوں کے کردار کا بھی اعتراف کیا۔

وزیر اعظم کی معاون خصوصی نے کشمیری فنکاروں اور آرٹسٹس کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے بھارت کی طرف سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں وکشمیر کی عوام کی جاری جدوجہد آزادی کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کے اہم کردار پر روشنی ڈالی۔ مشعال ملک نے بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں وکشمیر کے لوگوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور کشمیر کی جدوجہد آزادی کا بیانیہ عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں ثقافتی تقریبات، کنسرٹس اور آرٹ فیسٹیولز کے موثر کردار پر زور دیا۔

بعد ازاں مشعال حسین ملک نے کشمیر آرٹ نمائش کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انھوں نے بھارتی ظلم و جبر کا شکار کشمیریوں کی زندگیوں کی عکاسی کرنے والے فن پاروں کا مشاہدہ کیا اور کشمیر آرٹ مقابلہ میں پوزیشن لینے والے آرٹسٹوں میں انعامات تقسیم کیے۔