لاہور،12 فروری ( اے پی پی): ریڈیو پاکستان میں پوڈ کاسٹ پروڈیوسر غلام حیدر نے کہا ہے کہ ریڈیو پاکستان ٹیکنالوجی پر مبنی ذرائع کے ذریعے ایک مثبت قومی امیج کو فروغ دینے کے لیے سرگرم عمل ہے۔
ان خیالات کا اظہار ریڈیو پاکستان میں پوڈ کاسٹ پروڈیوسر غلام حیدر نے عالمی یوم ریڈیو کے موقع پر اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے بتایا کہ سینما سائٹ، کلاسیکل میوزک ریسرچ سیل، ڈیجیٹل براڈکاسٹ ٹریننگ لیب اور پوڈ کاسٹ اسٹوڈیو جیسے حالیہ منصوبوں کی وجہ سے ریڈیو پاکستان کی عظمت رفتہ دربارہ بحال ہوئی ہے ۔
غلام حیدر نے بتایا کہ پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن لاہور میں ترقی پذیر رجحانات کے جواب میں شروع کیے گئے نئے منصوبوں کا مقصد نوجوانوں کو تخلیقی سرگرمیوں کو اجاگر کرنا اور ملک کے ثقافت اور ورثے کی نمائش کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ریڈیو پاکستان کی ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کی طرف سفر نہ صرف ملک بھر میں بلکہ عالمی سطح پر بھی نشریات کو بڑھا دے گی۔