اسلام آباد ،07 فروری(اے پی پی): نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ سندھ ایک مضبوط ثقافت اور تہذیب کا حامل صوبہ ہے، سندھ کی تہذیب کثیر السانی، کثیر المذہبی اور کثیر النسلی ہے۔
ان خیالات کا اظہار ا نہوں نے بدھ کو یہاں کتاب “علی بابا کی شخصیت اور فن” کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ میں ان خوش قسمت لوگوں میں سے ہوں جنہوں نے علی بابا کو دیکھا۔ انہوں نے کہا کہ مدد علی سندھی بہت اچھے لکھاری ہیں۔
نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ سندھ نے بہت سے نامور ادیب پیدا کئے ہیں، شیخ ایاز کا شمار سندھ کے جدید شعراءمیں ہوتا ہے، علی بابا کی شخصیت کے بارے میں کتاب کے اندر کافی تفصیل سے لکھا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ علی بابا کی تحریروں میں وجودیت اور ذات کی گہرائی نظر آتی ہے، علی بابا نے موئنجو دڑو پر شاندار ناول تحریر کیا، علی بابا کی تحریروں کو پڑھنے کی ضرورت ہے۔











