سکھر: رین ایمرجنسی کے پیش نظر میونسپل کمشنر محمد علی شیخ کے ڈسپوزل اسٹیشنز کے دورے،انجینئرز کے ہمراہ مشینری کا معائنہ کیا

12

سکھر،29فروری(اے پی پی)محکمہ موسمیات کی پیشن گوئی کے بعد حکومت سندھ کی جانب سے صوبے بھر میں نافذ کی گئی رین ایمرجنسی کے پیش نظر میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ کی ہدایت پر میونسپل کمشنر محمد علی شیخ نے شہر کے مختلف ڈرینج و ڈسپوزل اسٹیشنز شالمیار، جیل گارڈن، میانی، پولیس ہیڈکوارٹر، سٹی بائی پاس، بشیر آباد، ماکا سمیت دیگر ڈسپوزل اسٹیشنز کے ہنگامی دورے کرکے مشینری، پمپس، موٹرز اور جنریٹرز وغیرہ کا معائنہ کیا اور ہدایات جاری کیں کہ رین ایمرجنسی کا نفاذ ہوچکا ہے،لہٰذا تمام مشینری کو فعال رکھا جائے اور بجلی کے بریک ڈاﺅن کی صورت میں جنریٹرز بھی اسٹینڈ بائے میں فعال رکھے جائیں تاکہ شہر کے کسی بھی علاقے میں بارش کا پانی کھڑا ہونے کی شکایت موصول نہ ہو اور بروقت پانی کی نکاسی ہوسکے۔

انہوں نے صورتحال کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے انجینئرز کو تمام انتظامات کی نگرانی کرنے کی ہدایات دیں اور کہا کہ میں وقتا ًفوقتاً ڈسپوزل اسٹیشنز کا دورہ کرتا رہوں گا، اس حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی یا لاپرواہی برداشت نہیں کی جائیگی۔

 دورے کے موقع پرانجینئر ظہور دھاریجو، ہادی بخش بلو، آغا جاوید سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ واضح رہے کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے 29 فروری تا 3 مارچ تک سندھ میں شدید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔