عام انتخابات کیلئے ملک بھر میں پولنگ کا عمل پرامن طریقے سے مکمل،ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری

25

اسلام آباد،8 جنوری ( اے پی پی ): عام انتخابات 2024 ملک میں پولنگ کا عمل پرامن طریقے سے مکمل ہوگیا جبکہ ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے۔عام انتخابات 2024 کے لیے قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں کے امیدواروں کے انتخاب کے لیے پولنگ پرامن طریقے سے اختتام پذیر ہوئی۔

صبح 8 بجے شروع ہونے والی پولنگ شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہی۔ تمام پولنگ سٹیشنوں پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے جہاں ووٹرز نے بغیر کسی خوف کے اپنے ووٹ کا حق استعمال کیا۔

انتخابی عمل کا جائزہ لینے کیلئے عالمی مبصرین نے مختلف پولنگ اسٹیشنز کا دورہ کیا،مبصرین نے پولنگ سٹیشنوں میں انتخابی عمل کا مشاہدہ کیا جبکہ ایکریڈیشن کارڈز کے حامل میڈیا نمائندے بھی مختلف پولنگ اسٹیشنز کے دورے کر رہے ہیں۔

الیکشن کمیشن کا مرکزی الیکشن مانیٹرنگ کنٹرول سنٹر مکمل طور پر فعال رہا اور ملک بھر میں قائم ریجنل اور ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ کنٹرول سنٹرز کے ساتھ ہمہ وقت رابطے میں رہے۔

 چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے مرکزی الیکشن مانیٹرنگ کنٹرول سنٹر میں الیکشن کے عمل کی بذات خود نگرانی کی۔ ملک بھر میں آزادنہ ،منصفانہ و شفاف انتخابات کیلئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے اور الیکشن کیلئے ایک لاکھ 37 ہزار سے زائد سیکورٹی اہلکار عوام کی حفاظت کیلئے تعینات تھے۔