عام انتخابات2024؛ عوام الناس کی سہولت کے لیے الیکشن مانیٹرنگ اینڈ کنٹرول سنٹرقائم

20

اسلام آباد،06 فروری (اے پی پی ): الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات2024ء میں عوام الناس کی سہولت کے لیے الیکشن مانیٹرنگ اینڈ کنٹرول سنٹر( EMCC )قائم کر دیا ہے۔

 الیکشن کمیشن  کے مطابق الیکشن مانیٹرنگ کنٹرول سنٹر میں پہلی بار وٹس ایپ کا استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سنٹر میں عوام الناس کو الیکشن کے حوالے سے رابطہ کرنے اور اپنی شکایات درج کرانے کی سہولت ہو گی جبکہ اُن کے شکایت کے بروقت ازالہ کے لیے فوری طور پر کارروائی کی جائے گی۔

الیکشن کمیشن نے عوام کی شکایات کے اندراج اور ان کے فوری حل کے لیے 4 سطحوں پر کنٹرول سنٹر قائم کئے ہیں ،جس میں الیکشن کمیشن سیکرٹیریٹ اسلام آباد کے علاوہ صوبائی، ڈویژنل اور ضلع سطح پر کنٹرول رومز قائم کیے ہیں۔

عوام عام انتخابات کے سلسلے میں شکایت کے اندراج کے لیے الیکشن مانیٹرنگ اینڈ کنٹرول سنٹر سنٹر کے عملہ سے ای میل [email protected] پر رابطہ کے علاوہ اپنی شکایات وٹس ایپ نمبر 0327-5050610 پر بھی بھجوا سکتے ہیں۔

کمیشن نے عوام کی سہولت کے الیکشن مانیٹرنگ اینڈ کنٹرول سنٹر میں ایک مخصوص ہیلپ لائن کی سہولت بھی دی ہے جس کا رابطہ نمبر111-327-000 ہے۔

کنٹرول سنٹر میں سوشل میڈیا اور الیکٹرانک میڈیا کی مانیٹرنگ کی سہولت بھی موجود ہے،فیکس نمبر 051-9204403 کے ذریعے بھی شکایات بھیجی جا سکتی ہیں-

اس سسٹم کے تحت صرف پولنگ کے دن نہیں بلکہ تمام انتخابی عمل کی مانیٹرنگ کی جا سکے گی،اس سسٹم کے ذریعے انتخابی خلاف ورزیوں کی براہ راست ویڈیوز بھی موصول ہوتی ہیں، جن کے خلاف بروقت ایکشن لیا جاتا ہے۔