چنیوٹ،08 فروری(اے پی پی ): ملک بھر کے دوسرے شہروں کی طرح ضلع چنیوٹ کی تنیوں تحصلیوں چنیوٹ،بھوآنہ اور لالیاں میں قومی اسمبلی کی دو اور پنجاب اسمبلی کی چار نشستوں پر عام انتخابات کے لیے پولنگ کا آغاز ہو گیا ہے۔ووٹر بغیر کسی وقفے سے صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے ۔پولنگ کا آغاز مقرہ وقت پر شروع ہو چکا ہے،عوام کی ایک بڑی تعدادصبح ہی اپنا ووٹ کاسٹ کرنے پہنچ گی۔
ضلع میں 6 ہزار سے زائد افراد پر مشتمل عملہ انتخابی فرائض سرانجام دیگا ۔ 2 ہزار سے زائد پولیس، رینجرز، آرمی کے جوان سکیورٹی کے فرائض سرانجام دینگے۔ ضلع چنیوٹ میں کُل 96 امیدوار میدان میں ہیں۔ ضلع میں 2 قومی 4 صوبائی حلقوں کے لیے 616 پولنگ اسٹیشنز قائم کر دئیے گئے جن میں انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز کی تعداد 63ہے۔
اس کے علاوہ ضلع میں کُل رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 8لاکھ 84 ہزار 579 ہے، جن میں مرد ووٹرز 468820اور خواتین ووٹرز 415759 ہیں۔ ضلع کی آبادی 15 لاکھ 63 ہزار 24 نفوس پر مشتمل ہے۔ ضلع میں 53 فیصد مرد، 47 فیصد خواتین ووٹرز ہیں۔
دوسری جانب الیکشن 2024 کے حوالے سے پولیس کی جانب سے سیکیورٹی انتظامات مکمل ہیں ،حساس پولنگ اسٹیشنز پر واک تھرو گیٹ نصب، سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ کی جائے گی ۔ایس ایچ اوز اپنے اپنے علاقوں میں گشت کر کے امن و امان کی صورتحال برقرار رکھیں گے ۔ اس کے علاوہ ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کے لیے مربوط ٹریفک پلان تشکیل دے کر ٹریفک عملہ تعینات کیا گیا ہے۔
الیکشن کے حوالے سے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ تمام ذرائع بروئے کار لاتے ہوئے پرامن اور شفاف انتخابات کے انعقاد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔











