لاہور، 08 فروری (اے پی پی): آج ملک بھر کی طرح صوبہ پنجاب میں بھی گیارہویں عام انتخابات کیلئے صبح 8 بجے سے ووٹ ڈالنے کا عمل شروع ہو گیا ہے۔ووٹ ڈالنے کا عمل مقامی وقت کے مطابق شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گا۔ پنجاب کی 144 قومی اور 297صوبائی اسمبلی کے حلقے کیلئے ۔7کروڑ 42لاکھ 90ہزار 9سو 24 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ جن میں مرد رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 3کروڑ 96لاکھ 90 ہزار 487 اور خواتین رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 3کروڑ 46لاکھ 4 سو 37 ہے۔ان انتخابات کے پر امن انعقاد کیلئے کل 50,900 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جن میں مردانہ پولنگ اسٹیشنز کی تعداد14,573 جبکہ خواتین کیلئے قائم کیے گئے پولنگ اسٹیشنز کی تعداد 14,059 ہے۔عام انتخابات میں عوام پُرجوش نظر آ رہے ہیں۔
عام انتخابات کے پر امن انعقاد کیلئے انتظامیہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر کارروائی ہوگی،اسلحہ کی نمائش،فائرنگ پر آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا،فورس کی ڈیوٹی سے متعلق غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی جبکہ کنٹرول رومز کے ذریعے مسلسل مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے گی۔پولیس افسران کوالیکشن کمیشن،ضلعی انتظامیہ،سکیورٹی اداروں سے مسلسل رابطے میں رہنے کی ہدایت کی گئی۔انتخابات کے پر امن انعقاد کیلئے ڈولفن فورس،سپیشل پروٹیکشن یونٹ اورایلیٹ فورس کی ٹیمیں مسلسل پٹرولنگ کرتی نظر آئیں۔پولنگ سٹیشنز کی سکیورٹی کیلئے خصوصی ناکے بھی قائم کئے گئے ہیں۔











