گلیات ، 01 فروری (اے پی پی ): سیاحتی مقامات مری اور گلیات کےگردونواح میں وقفے وقفے سے بارش اور برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔نتھیاگلی ،ڈونگا گلی ،چھانگلہ گلی اور ایوبیہ میں ایک فٹ تک برف باری ریکارڈ کی گئی۔محکمہ جی ڈی اے گلیات میں بھاری مشینری کی مدد سے سڑکوں سے برف ہٹانے میں مصروف ہیں،برف باری شروع ہوتے ہی سیاحوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی کے ہمراہ تمام ادارے فیلڈ میں متحرک ہیں۔ڈپٹی کمشنر مری نے ایکسپریس ہائی وے کا دورہ بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے کنٹرول روم سے مختلف شاہراہوں کی نگرانی کا عمل جاری ہے۔
ڈی سی اسلام آبادعرفان میمن کے مطابق مری میں برفباری اور سڑکوں پر پھسلن کی وجہ سے اسلام آباد انتظامیہ نے17 میل سے مری میں سیاحوں کا داخلہ بند کر دیا گیا، فیصلہ مری انتظامیہ کے ساتھ مشاورت کے بعد کیا گیا۔
محکمہ ریسکیو1122 کے اہلکار دن رات سیاحوں کی پھنسی گاڑیاں نکالنے اور دیگر امداد کے لیے موجود ہیں۔ تیز بارش اور ژالہ باری کے باعث روڈ ٹریفک حادثات اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق سیاح دوران سفر تیز رفتاری سے اجتناب کریں اور دوران سفر فوگ لائٹس کا استعمال کیا جائے جبکہ شدید دھند میں گاڑی کے انڈیکیٹر اور اشارے آن رکھیں اور محفوظ جگہ پر پارک کریں۔