ملتان،29فروری(اے پی پی):ضلعی انتظامیہ ملتان نے عوامی ریلیف کیلئے ایک اور اقدام کرتے ہوئے ماڈل ای رجسٹریشن آفس کی نئی بلڈنگ کے منصوبے کا آغاز کردیا ہے اس سلسلے میں گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ رضوان قدیر نے نئے ماڈل ای رجسٹریشن آفس کا افتتاح کیا –
متی تل روڈ پر واقع 42 ملین کی لاگت سے ایک خدمت سنٹر سے ملحقہ رجسٹریشن آفس منصوبے پر عملی کام 70 فی صد مکمل کرلیا گیا ہے ڈپٹی کمشنر نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کے ہمراہ منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا۔
ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ رضوان قدیر کا کہنا تھا کہ متی تل روڈ پر 3 ایکٹر سے زائد اراضی پر نیا رجسٹری آفس قائم کیا جائے گا جہاں ایک چھت تلے اراضی رجسٹریشن اور اراضی سنٹر کی سروسز فراہم کی جائیں گی۔
رضوان قدیر کا کہنا تھا کہ رواں مالی سال میں 17 ملین کی لاگت سے منصوبے پر 67 فی صد کام مکمل ہوگیا ہے جبکہ سب رجسٹرارز آفس اور تمام ریکارڈ مرحلہ وار نئے دفاتر میں منتقل کئے جائیں گے۔
ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ منصوبے کو بروقت مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دے دی گئی ہے رضوان قدیر نے کہا کہ عرصہ دراز سے پڑا اراضی ریکارڈ کو محفوظ کرنے کا بھی آغاز کردیا ہے کیونکہ سرکاری دفاتر کو اپ گریڈ کرکے بہتر سروس ڈیلیوری فراہم کرنا مشن ہے۔











