تنظیم شہری دفاع کے رضا کار ضلعی انتظامیہ کے دست و بازو، حوصلہ افزائی کریں گے،ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ

18

سیالکوٹ ۔ 29 فروری (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین نے کہا ہے کہ تنظیم شہری دفاع کے رضا کار ضلعی انتظامیہ کے دست و بازو ہیں، بہترین رضاکارانہ خدمات انجام دینے والے رضاکاروں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی اور ان کو سرٹیفکیٹس دیے جائیں گے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے تنظیم شہری دفاع سیالکوٹ کے عہدیداران  کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ سول ڈیفنس آفیسر محمد خالد شہزاد اور چیف وارڈن تنظیم شہری دفاع طاہر مجید کپور بھی موجود تھے۔

 ڈپٹی کمشنر نے  تنظیم شہری دفاع کے رضاکاروں کےلئے نئی یونیفارم  اور ڈیوٹی کےلئے وائرلیس سیٹ کی فراہمی پر آمادگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے مستحقین میں باعزت طریقے سے گھر کی دہلیز پر راشن پیکج کی تقسیم کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے ،اس سلسلے میں تنظیم شہری دفاع کے رضاکاروں کے ذریعے لسٹوں میں شامل گھرانوں کی ویری فکیشن کےلئے خدمات حاصل کی جائیں گی تاکہ حقدار تک باعزت طریقے سے  رمضان پیکج پہنچایا جاسکے اور کسی شہری کہ عزت نفس بھی مجروح نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ آج کے نفسانفسی کے دور میں جو لوگ تکالیف اور مشکلات  کا سامنا کرکے دوسروں کی خدمت  کررہے ہیں ان کی جتنی بھی تعریف  کی جائے کم ہے۔